آسٹریلین اوپن کی چمپیئن کربرکو فرنچ اوپن میں شکست

اپ ڈیٹ 25 مئ 2016
اینجلق کربر کو نیدرلینڈز کی غیرمعروف کھلاڑی کے ہاتھوں شکست ہوئی—فوٹو: اے پی
اینجلق کربر کو نیدرلینڈز کی غیرمعروف کھلاڑی کے ہاتھوں شکست ہوئی—فوٹو: اے پی

پیرس: آسٹریلین اوپن کی چمپیئن جرمنی کی ٹینس اسٹار اینجلق کربر فرنچ اوپن کے پہلے مرحلے میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں جبکہ ایندی مرے اور رافیل نڈال نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی۔

فرنچ اوپن کی تھرڈ سیڈڈ اینجلیق کربر کو نیدرلینڈز کی کیکی برٹینز نے ایک گھنٹے اور 41 منٹ کے مقابلے کے بعد 6-2، 3-6 اور 6-3 سے شکست دے کر گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

کربر نے شکست کے بعد کہا کہ 'میں یہاں پر پہلے مرحلے میں شکست پر بہت افسردہ ہوں جس کا مطلب یہی ہے کہ میں آج بہترین ٹینس نہیں کھیل پائیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ' میں نے مقابلہ کرنے کی کوشش کی لیکن انھوں نے اہم مواقعوں پر بہترین کھیل پیش کیا'۔

آسٹریلین اوپن میں کامیابی کے بعد یہ ان کی مسلسل تیسری شکست ہے، اس سے قبل انھیں میڈرڈ اور روم اوپن میں حریف کھلاڑی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جرمن اسٹار نے تیسرے سیٹ میں میڈیکل ٹائم آؤٹ لیا تھا جس کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ 'مجھے دوسرے سیٹ میں درد شروع ہوا تھا جو آہستہ آہستہ بڑھتا گیا'۔

دوسری جانب فرنچ اوپن کے ایک میچ میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیش آئی جب اٹلی سے تعلق رکھنے والی فرانسیسکا شیاوون کو میچ کے بعد ٹینس سے کنارہ کشی کے اعلان کے باعث تماشائیوں نے کھڑے ہوکر خیرباد کہنے کی کوشش کی لیکن انھوں نے کنارہ کشی کے حوالے سے خبروں کی تردید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اعلان میں نے نہیں کیا بلکہ ٹورنامنٹ کی انتظامیہ نے کیا تھا تاہم انھیں 26 سیڈڈ فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووک کے ہاتھوں 2-6 اور 4-6 سے شکست ہوئی۔

فرنچ اوپن کے دیگر مقابلوں میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے چیک ری پبلک کے ریڈک اسٹیپنک کو 3-6، 3-6، 6-0، 6-3 اور7-5 سے شکست دی۔

اسپین کے رافیل نڈال نے آسٹریلیا کے سیموئیل گروتھ کو 6-1، 6-1 اور 6-1 سے زیر کیا جبکہ چیک ری پبلک کے ٹوماس بریڈیچ نے کینیڈا کے ویسک پوسپیسل کو 6-3، 6-2 اور 6-1 سے ہرا دیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں