فیفا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مارکوس کیٹنرمعطل

کیٹنر فیفا کے عبوری سیکرٹری جنرل بھی رہ چکے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
کیٹنر فیفا کے عبوری سیکرٹری جنرل بھی رہ چکے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

زیوریخ: فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) نے مالی بدعنوانی کے الزام پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل مارکوس کیٹنر کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔

مارکوس کیٹنر کو سابق جنرل سیکرٹری جیروم والکے کو بدعنوانی کے الزامات پر ہٹائے جانے کے بعد عبوری طورپر سیکرٹری جنرل کا عہدہ بھی دیا گیا تھا۔

فیفا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'کیٹنر کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پر فوری عمل درآمد ہوگا'۔

فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ 'فیفا کی داخلی تفتیش سے انکشاف ہوا کہ وہ ملازمتوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا غلط استعمال کررہے تھے'۔

فیفا نے کہا کہ 'اس پر فوری کچھ نہیں کہا جائے گا لیکن متعلقہ حکام کے ساتھ یہ تعاون جاری رکھا جائے گا'۔

فیفا کے سابق صدر سیپ بلاٹر نے کیٹنر کو فیفا کے سب سے اہم رکن قرار دیتے ہوئے فیفا کے ایماندار ملازم کا خطاب دیا۔

سیپ بلاٹر نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ 'کیٹنر کی معطلی میرے لیے بڑا حیران کن تھا، میں ان کے معطلی کی وجوہات کو نہیں جانتا لیکن فیفا میں اگر کسی نے اپنی ذمہ داری غیرمعمولی انداز میں پوری کی ہے تو وہ کیٹنر ہیں'۔

سیپ بلاٹر پر فیفا میں بدترین کرپشن کے جرم میں صدارت سے معطل کرکے فٹ بال کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا کیلئے پہلی دفعہ خاتون سیکرٹری جنرل کا تقرر

جرمنی سے تعلق رکھنے والے کیٹنر طویل عرصے تک فیفا کے مالی امور کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

فیفا نے رواں ماہ اقوام متحدہ سے منسلک فاطمہ سیمورا کو نئی سیکرٹری جنرل بنایا تھا جو فیفا کی تاریخ میں یہ عہدہ حاصل کرنے والی پہلی خاتون ہیں'۔

اس خبر کے لیے کچھ معلومات 24 مئی کے ڈان اخبار سے لی گئی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں