دورہ سری لنکا کیلئے آسٹریلین ٹیم کا اعلان

اپ ڈیٹ 25 مئ 2016
آسٹریلوی ٹیم میں مچل اسٹارک کی انجری کے بعد واپسی ہوئی ہے—فوٹو: رائٹرز
آسٹریلوی ٹیم میں مچل اسٹارک کی انجری کے بعد واپسی ہوئی ہے—فوٹو: رائٹرز

برسبین: آسٹریلیا نے سری لنکا کے دورے کے لیے اسٹیون اسمتھ کی قیادت میں 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا جس میں اسٹیفن اوکیفی اور ناتھن کولٹرنیل کو شامل کرلیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک گھٹنے کی انجری کے باعث طویل عرصے سے کرکٹ سے باہر ہیں تاہم سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی واپسی متوقع ہے۔

سری لنکا کے دورے کے لیے پیٹرسڈل اور جیمز پیٹیسن انجری کے باعث ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئے ہیں تاہم جوش ہیزل ووڈ اور جیکسن برڈ 15 رکنی ٹیم میں منتخب ہوگئے ہیں۔

او کیفی کو ناتھن لیون کے ساتھ اضافی اسپنر کے طورپر شامل کیا گیا ہے جنھیں ضرورت پڑنے پر سری لنکا کی وکٹوں پر آزمایا جائے گا، موئسز ہینرک کو آل راؤنڈر کے طورپر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر روڈ مارش کا کہنا تھا کہ 'ہنرک کو اسپن وکٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اضافی آل راؤنڈر کے طورپر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جیکسن برڈ اور ناتھن کولٹرنیل کی ٹیم میں شمولیت سے ہماری باؤلنگ مضبوط ہوگی'۔

مارش کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کے انتخاب میں برصغیر کی وکٹوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

آسٹریلیا نے اب تک پانچ دفعہ سری لنکا کا دورہ کیا ہے جس میں سے انھیں چارسیریز میں کامیابی حاصل ہوئی جس میں آخری دو 2004 اور 2011 کی فتوحات بھی شامل ہیں۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

اسٹیون اسمتھ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، جو برنس، عثمان خواجہ، ایڈم ووگس، شان مارش، مچل مارش، موئسز ہینرک، پیٹرل نیول، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، ناتھن لیون، اسٹیفن او کیفی، ناتھن کولٹر نیل، جیکسن برڈ۔

آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 جولائی کو پالی کیلے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ دورے میں 5 ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں