اسلام آباد: قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو کمزور کرنے سے حکومت کو کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوگا کیوں کہ مضبوط اپوزیشن ہی مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہوتی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر اگر ایک ممبر بھی کھڑا رہا تو اس میں شامل افراد کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے خود پاناما لیکس کو اس انداز میں اچھالا جس سے یہ تاثر ابھرا کہ شاید یہ صرف اور صرف وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کا مسئلہ ہےحالانکہ ہم نے ہمیشہ کہا کہ اس میں ملوث تمام کرداروں کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم چونکہ سربراہِ حکومت بھی ہیں اس لئے ملک و قوم کے مفاد میں ضروری ہے کہ ان کے خاندان سے متعلق جلد از جلد معاملہ نمٹایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج جب وزیر اعظم اپنے بیرونی دوروں میں وہاں مقیم پاکستانیوں سے یہ کہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں تو یہ ان کی یہ بات اخلاقی جواز سے خالی اور بے معنی معلوم ہوتی ہےلیکن اگر وہ اس معاملے سے صاف و شفاف ہو کر نکلتے ہیں تو پھر وہ بھرپور اخلاقی اور سیاسی قوت کے ساتھ ملک میں سرمایہ کاری کی بات کر سکتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کے پاس یہ سنہرا موقع ہے کہ وہ ثابت کریں کہ جمہوریت انصاف، برابری اور رواداری کی خوبیوں کی حامل ہے اور یہ خوبیاں طاقتور اور کمزور، امیر اور غریب، حکمران اور عوام سب کیلئے برابر اور یکساں ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ صرف اور صرف انصاف اور اصول پسندی کے ذریعے ہی جمہوریت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے اور پاناما لیکس اس بات کا امتحان ہے کہ آیا ہم ذاتیات کے چکر میں اس معاملے کو الجھاتے ہیں یا انصاف اور اصول پسندی کے تقاضوں کے مطابق اسے منطقی انجام تک پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو یہ فخر حاصل ہے کہ اس کے دو وزرائے اعظم نے جان کی قربانی دی اور اس پارٹی کے ہر وزیر اعظم نے اقتدار کو ہمیشہ قبل از وقت قربان کیا لیکن کبھی بھی عوام اور جمہوریت کے مفاد کے منافی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر حکومت اور اپوزیشن کے ارکان پر مشتمل کمیٹی میں تجربہ کار سیاستدان شامل ہیں جنہوں نے ماضی کے تلخ و شیریں تجربات سے بہت کچھ سیکھ رکھا ہے اس لئے امید ہے کہ وہ اپنے ہر اقدام میں عوام ، انصاف ، اور جمہوریت کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اگے بڑھیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (2) بند ہیں

ahmaq May 24, 2016 11:34pm
Khurshid Shah opposition is weakend by your ever changing stances
ahmaq May 24, 2016 11:34pm
get guide line from Raza Rabbani mr Khurshid shah