'پاکستان،انگلینڈ کیلئے سیریز میں مشکل حریف ہوگا'

اپ ڈیٹ 26 مئ 2016
پیٹرسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی باؤلنگ بہترین جو انگلینڈ کے لیے چیلنج ہوگا—فوٹو: اے ایف پی
پیٹرسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی باؤلنگ بہترین جو انگلینڈ کے لیے چیلنج ہوگا—فوٹو: اے ایف پی

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بلے باز کیون پیٹرسن نے پاکستان کو ہوم سیریز میں مشکل حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی باؤلنگ بہترین ہے جس کے باعث مقابلہ دلچسپ ہوگا۔

اسکائی اسپورٹس کو دیے گئے انٹرویو میں انگلینڈ ٹیم سے باہر ہونے والے مایہ ناز بلے باز کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پاکستان کی طرح بڑا چیلنج نہیں ہے۔

کیون پیٹرسن نے رواں سال فروری میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی جہاں انھوں نے ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'آپ پاکستان کو نظرانداز نہیں کرسکتے کیونکہ ان کی باؤلنگ شاندار ہے'۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'میں ان میں سے کچھ کا سامنا کرچکا ہوں، میں نے دبئی میں پی ایس ایل میں شرکت کی اور ان کی ٹیم میں بہترین کھلاڑی ہیں'۔

سری لنکا کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے دورے میں پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 88 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کے باعث ان کی ٹیم کو کمزور کہا جارہا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 8 ہزار سے زائد رنز بنانے والے بلے باز کہتے ہیں کہ 'امید ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے برعکس پاکستان کے ساتھ مقابلہ دلچسپ ہوگا لیکن جیت انگلینڈ کی ہوگی'۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوپلی پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر

انھوں نے انگلش ٹیم کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کو بڑا نقصان قرار دیا۔

انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر ریس ٹوپلی کاؤنٹی میچ کے دوران زخمی ہوکر تین ماہ کے لیے کرکٹ سے باہر ہوگئے اور پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے، انھوں نے پاکستان کے خلاف گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں