لاہور: شیخوپورہ پولیس نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر گستاخانہ مواد پوسٹ کرنے پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرفراز خان وِرک نے ڈان کو بتایا کہ نبی پورہ علاقے کے چند رہائشیوں نے فیکٹری ایریا پولیس اسٹیشن میں اس شخص کے خلاف شکایت درج کرائی اور الزام لگایا کہ اس نے سوشل میڈیا کی ایک ویب سائٹ پر گستاخانہ مواد پوسٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے توہین مذہب کے قانون کے تحت اس شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا، جسے بعد ازاں گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گستاخانہ پیغامات، کسی دوسرے شخص کی جانب سے گزشتہ سال پوسٹ کیے گئے تھے جو اس وقت بیرون ملک مقیم ہے، جبکہ اس کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی۔

سرفراز خان وِرک نے کہا کہ جس سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے گستاخانہ مواد پوسٹ کیا گیا، وہ گزشتہ آٹھ، نو ماہ سے غیر فعال ہے، تاہم اس اکاؤنٹ کے حوالے سے تصدیق کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس معاملے کو، لڑکیوں کو تنگ کرنے پر تنازع کے حوالے سے بھی دیکھ رہی ہے، جس کے بعد اس شخص کے خلاف شکایت درج کرائی گئی۔

یہ خبر 26 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

SMH May 27, 2016 07:30am
سود، رشوت، کم ناپ تول، ملاوٹ، دھوکہ، لوٹ مار، کک بیک، پلاٹ پرمٹ، گراں فروشی، قران سے شادی، دھشت گردی، کام چوری، حرام خوری، فسادفی ارض، نا انصافی، ٹیکس چوری، کیا یہ سب توھین نہی؟