رشی کپور کے نام سے 'پبلک ٹوائلٹ' منسوب

اپ ڈیٹ 26 مئ 2016
بولی وڈ اداکار رشی کپور—۔فوٹو/بشکریہ دکن کرونیکل
بولی وڈ اداکار رشی کپور—۔فوٹو/بشکریہ دکن کرونیکل

نئی دہلی: بولی وڈ اداکار رشی کپور نے حال ہی میں ملک کے متعدد اداروں اور مقامات کو ہندوستان کے سیاسی خاندانوں نہرو اور گاندھی کے نام سے منسوب کیے جانے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر کانگریس نے ایک پبلک ٹوائلٹ کو رشی کپور کے نام سے منسوب کردیا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی سیاسی جماعت کانگریس کے کارکنوں نے اداکار کی اس 'تنقید' پر ناراض ہو کر الہ آباد کے ایک ٹوائلٹ کو رشی کپور کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا۔

ہندوستان کی انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق 'کانگریس کے یوتھ ونگ کے کچھ ارکان نے الہ آباد کے شیوا جی پارک میں واقع ایک پبلک ٹوائلٹ کے باہر ایک پوسٹر لگایا جس میں بیت الخلاء کو بولی وڈ اداکار رشی کپور کے نام سے منسوب کرتے ہوئے لوگوں کو دعوت دی گئی کہ وہ اسے زیادہ سے زیادہ استعمال کریں'۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے رشی کپور نے اپنی متعدد ٹوئیٹس میں اعتراض کیا تھا کہ ملک کی ہر چیز کو گاندھی خاندان کے نام سے کیوں منسوب کیا جارہا ہے؟

63 سالہ اداکار نے اپنی ٹوئیٹ میں کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا وہ ہر چیز کو اپنے والد کی جائیداد سمجھتے ہیں۔

بولی وڈ اداکار نے مشورہ دیا کہ فلم سٹی کو بھی دلیپ کمار، دیو آنند، اشوک کمار یا امیتابھ بچن کے نام سے منسوب کیا جانا چاہیے۔

ساتھ ہی انھوں نے تجویز دی تھی کہ ملک کے مشہور مقامات کو کیوں نا محمد رفیع یا کشور کمار کے نام سے منسوب کردیا جائے۔

اور آخر مں انھوں نے ایک نقشہ بھی پیش کیا تھا۔

لیکن ہندوستانی کانگریس کو شاید رشی کپور کی یہ تجاویز پسند نہ آئیں اور انھوں نے رشی کپور کے نام سے ایک پبلک ٹوائلٹ منسوب کردیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں