پاکستان کا اٹلی سے ہیلی کاپٹرز خریدنے کا معاہدہ

اپ ڈیٹ 26 مئ 2016
آگسٹا ویسٹ لینڈ اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹر — فوٹو: بشکریہ لیونارڈو فن مکینیکا
آگسٹا ویسٹ لینڈ اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹر — فوٹو: بشکریہ لیونارڈو فن مکینیکا

اسلام آباد: پاکستان نے اٹلی کی ملٹی نیشنل ایرواسپیس کمپنی لیونارڈو فن مکینیکا کے ساتھ دو انجنوں والے آگسٹا ویسٹ لینڈ اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کردیئے۔

کمپنی کے ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق معاہدہ پر دستخط اٹلی کے پاکستان میں تعینات سفیر اسٹیفانو پونٹی کورو کی موجودگی میں اسلام آباد میں ہوئے۔

آگسٹا ویسٹ لینڈ اے ڈبلیو 139 کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے زائد ہے اور پاکستان اٹلی سے کتنے ہیلی کاپٹرز خریدے گا، اس حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

یہ ہیلی کاپٹرز ملک میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، روس کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ

دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ لاجسٹک سپورٹ اور تربیتی پیکیج سمیت کئی مراحل پر مشتمل بیڑے کے تجدیدی پروگرام کا حصہ ہے، جبکہ ہیلی کاپٹروں کی ترسیل 2017 میں کی جائے۔

پاکستان میں پہلے ہی 11 اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹرز موجود ہیں، جن میں سے 5 کو سول پروٹیکشن اور ٹرانسپورٹ کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

لیونارڈو فن مکینیکا آمدنی کے لحاظ سے دنیا کی نویں بڑی دفاعی سازو سامان بنانے والی کمپنی ہے۔

تقریباً 9 ماہ قبل پاکستان اور روس کے درمیان بھی چار ایم آئی ہیلی کاپٹرز خریدنے کا معاہدہ ہوا تھا۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان نومبر 2014 کے اس معاہدے کا حصہ تھا، جس کے تحت پاکستان اور روس کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں