'سلیکٹرز سے کہا ہے کہ مجھے ٹیم سے دور رکھیں'

شاہد آفریدی پہلے ہی ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔
شاہد آفریدی پہلے ہی ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں ٹیم سے دور رکھیں تاکہ اس بات کا اندازہ ہو سکے کہ نوجوان کھلاڑی کہاں کھڑے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹی ٹونئٹی لیگ نیٹ ویسٹ بلاسٹ میں ہیمپشائر کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے سلیکٹرز کو کہہ دیا ہے کہ وہ مجھے ٹیم سے دور رکھیں تاکہ انہیں اندازہ ہو سکے کہ نوجوان کھلاڑی کہاں کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شکستوں کے بعد قومی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونے والے شاہد آفریدی کو سلیکٹرز نے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کی غرض سے دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے ترتبیتی کیمپ اور ممکنہ کھلاڑیوں ی فہرست میں شامل نہیں کیا۔

تاہم شاہد آفریدی نے بی بی سی ساؤتھ ٹوڈے کو انٹرویو میں کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم کو میری ضرورت پڑی تو میں سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گا۔

سابق کپتان نے کہا کہ میں 100 فیصد فٹ ہوں اور انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کیلئے آنے کی وجہ سے میں نے کیمپ کوا جوائن نہیں کیا، میں گزشتہ 20 سال سے بہت سے کیمپوں کا حصہ بن چکا ہے اور اب میرے خیال میں آرام کا وقت ہے تاکہ میں یہاں کچھ اچھی کرکٹ کھیل سکوں۔

قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے بارے میں سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ انگلش ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور اپنی کنڈیشنز میں وہ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، جس طرح جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ باؤلنگ کر رہے ہیں تو یہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہت بڑا امتحان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ساتھ یونس خان اور مصباح الحق جیسے تجربہ کھلاڑی موجود ہیں لیکن یہ ٹیم کے ساتھ آنے والے کھلاڑیوں کیلئے بڑا چیلنج ہو گا اور ساتھ ساتھ انہیں سیکھنے کا بھی موقع ملے گا۔

پاکستانی ٹیم چار ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں دورے کا آغاز 14 جولائی سے ہو گا۔

یاد رہے کہ اس سیزن میں ہیمشائر کاؤنٹی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی صورت میں ویسٹ انڈین کے کپتان ڈین سیمی اور شاہد آفریدی کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

آفریدی اس سے قبل بھی 2011 میں ہیمپشائر کاؤنٹی کی نمائندگی کر چکے ہیں جہاں اس وقت عمران طاہر ان کے ساتھ موجود دوسرے غیر ملکی کرکٹر تھے۔

آفریدی نے کہا کہ میری ماضی کی یادیں بہت خوشگوار ہیں اور 2011 میں ہم نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا اور میں ایک بار پھر ہیمپشائر کی ٹیم کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں