'شاہ رخ کی کامیاب فلم'میں کام، ابھیشیک کا خواب

اپ ڈیٹ 27 مئ 2016
فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کا پوسٹر — فوٹو/ پبلسٹی
فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کا پوسٹر — فوٹو/ پبلسٹی

بولی وڈ اداکار ابھیشیک بچن کے مطابق 2001 کی کامیاب فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ ان کی پسندیدہ ترین فلم ہے اور وہ اس کے ری میک یا سیکوئل میں ضرور کام کرنا چاہیں گے۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق 40 سالہ ابھیشیک بچن کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا ’فلم کبھی خوشی کبھی غم میری ڈریم فلم ہے، اگر کبھی اس کا ری میک یا سیکوئل بنایا گیا تو میں اس میں ضرور کام کرنا چاہوں گا‘۔

واضح رہے کہ اس کامیاب فلم میں شاہ رخ خان اور کاجول نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ ہریتھیک روشن اورکرینہ کپور بھی اس کی کاسٹ میں شامل تھے۔

ابھیشیک کے والدین اور معروف اداکار امیتابھ بچن اور جیا بچن نے بھی فلم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ابھیشیک اور کرینہ کے بولی وڈ میں 15 سال مکمل

فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ سال 2001 کی کامیاب ترین فلم تھی جس کی ہدایات کرن جوہر نے دی تھیں۔

اس فلم کی کہانی ایک ایسے امیر گھرانے پر بنائی گئی تھی جو اختلافات کے باعث ٹوٹ جاتا ہے۔

فلم میں شاہ رخ نے امیتابھ بچن کے لے پالک بیٹے کا کردار ادا کیا تھا جبکہ ہریتھیک، شاہ رخ کے بھائی تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ابھیشیک بچن دھوم کے نئے حصے سے باہر؟

اگر بات کام کے حوالے سے کی جائے تو ابھیشیک اس وقت اپنی فلم ’ہاؤس فل 3‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ اکشے کمار، جیکولین فرنینڈز، نرگس فخری، ریتیش دیشمکھ اور لیزا ہیڈن کام کرتے نظر آئیں گے۔

ساجد اور فرہاد کی ہدایات میں بننے والی فلم ’ہاؤس فل 3‘ رواں سال 3 جون کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں