جوزے مورینیو مانچسٹریونائیٹڈ کے نئے منیجر

اپ ڈیٹ 27 مئ 2016
مانچسٹر یونائیٹ کے نئے منیجر جوزے مورینیو کا شمار دنیائے فٹبال کے کامیاب ترین کوچوں میں ہوتا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
مانچسٹر یونائیٹ کے نئے منیجر جوزے مورینیو کا شمار دنیائے فٹبال کے کامیاب ترین کوچوں میں ہوتا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

لندن: انگلش پریمیئر لیگ کے مشہور زمانہ کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے جوزے مورینیو کو اپنا نیا منیجر مقرر کردیا ہے۔

53 سالہ پرتگالی کوچ کو ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے لوئس وین گال کی جگہ یہ عہدہ سونپا گیا ہے جن کے مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ دو سالہ عہد کا خاتمہ یونائیٹڈ کی ایف اے کپ فتح کے محض دو دن بعد ہوا۔

جوزے مورینیو مانچسٹر یونائیٹد کی شرٹ کے ساتھ ایک پوز۔ تصویر بشکریہ مانچسٹر یونائیٹد
جوزے مورینیو مانچسٹر یونائیٹد کی شرٹ کے ساتھ ایک پوز۔ تصویر بشکریہ مانچسٹر یونائیٹد

اپنے جدید کوچنگ کے اسٹائل کیلئے دنیا بھر میں مشہور مورینیو نے گزشتہ سال چیلسی کو پریمیئر لیگ کا چیمپیئن بنوایا لیکن دفاعی چیمپیئن ٹیم کی اس سال بدترین کارکردگی کے سبب دسمبر میں انہیں عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔

ہوزے مورینیو پورٹو، انٹرمیلان اور ریال میڈرڈ کے ساتھ ساتھ چیلسی کے دو مرتبہ منیجر رہ چکے ہیں۔

مورینیو کے مانچسٹر یونائیٹڈ کے منیجر کے عہدے پر فائض ہونے کے ساتھ ہی مشہور زمانہ کلب کی ایک مرتبہ پھر کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں جو 2013 میں سر ایلکس فرگیوسن کے جانے کے بعد سے بہتر کارکردگی دکھانے سے قاصر ہے۔

مورینیو نے یونائیٹڈ کی تمام شرائط قبول کرتے ہوئے منیجر کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنے فیس بک پیج پر مورینیو کو کوچ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم مورینیو کو منیجر کے عہدے پر تعینات کرنے پر بہت خوش ہیں۔

کلب نے مورینیو سے تین سالہ معاہدہ کیا ہے جہاں ان کے پاس 2020 تک کلب کے ساتھ جڑے رہنے کا خصوصی آپشن بھی موجود ہے۔

مورینیو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کا منیجر بننا کھیل میں بہت بڑا اعزاز ہے۔ یہ وہ کلب ہے جو دنیا بھر میں پسند اور جانا جاتا ہے، اس کلب کے ساتھ ایک ایسی انسیت ہے جو کسی اور کے ساتھ نہیں۔

مورینیو ایک منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ جس کلب کے ساتھ بھی جڑے، اسے اس ملک کی پریمیئر لیگ کا چیمپیئن بنوایا اور انہیں پورٹو کو پرتگال، انٹرمیلان کو اٹلی، ریال میڈرڈ کو لا لیگا اور چیلسی کو دو مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ کا چیمپیئن بنوانے کا اعزاز حاصل ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں