'انگلینڈ کو ہرانے کیلئے بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا'

وہاب ریض نیٹ ویسٹ بلاسٹ میں شرکت کیلئے پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہیں۔ فوٹو رائٹرز
وہاب ریض نیٹ ویسٹ بلاسٹ میں شرکت کیلئے پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہیں۔ فوٹو رائٹرز

پاکستان کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ انگلینڈ اپنی ہوم کنڈیشنز میں بہت سخت حریف ہے اور ان سے مقابلے کیلئے ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں انگلینڈ کی کنڈیشنز کے لحاظ سے خود کو ڈھاکنا ہو گا اور انگلینڈ کے بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کرتے ہوئے ان کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔

فاسٹ باؤلر نے پاک پیشن کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہماری باؤلنگ لائن اپ بہت اچھی ہے جس میں ورائٹی موجود ہے اور اس میں انگلش بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کرنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن ہمارے باؤلرز کیلئے سب سے اہم چیز انگلینڈ کی صورتحال میں جلد از جلد خود ڈھالنا ہے۔

یاد رہے کہ وہاب ریاض اس وقت انگلش ٹی ٹوئنتی لیگ نیٹ ویسٹ بلاسٹ میں ایسیکس کاؤنٹی کی نمائندگی کیلئے انگلینڈ میں موجود ہیں اور وہاں موجودگی سے انہیں یقینی طور پر انگلش وکٹوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ہمارے لیے بہت ضروری ہے کہ ہم وہاں کی کنڈیشنز اور وکٹوں کا خود کو عادی بنا لیں اور مجھے یقین ہے کہ پاکستانی باؤلرز انگلش بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کریں گے۔

15 ٹیسٹ، 69 ایک روزہ اور 20 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے فاسٹ باؤلرز نے سینئر بلے بازوں مصباح الحق اور یونس خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں بلے باز کئی سالوں سے پاکستان کرکت کیلئے خدمات انجام دیتے ہوئے مکمل ذمے داری کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ اظہر علی، اسد شفیق اور سرفراز بھی مستقل کارکردگی دکھا رہے ہیں اور اپنے شاندار کھیل کی بدولت مصباح اور یونس کی بھرپور معاونت کر رہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے دورہ انگلینڈ کیلئے بلے بازوں کے کردار کو بھی انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل ہمارے بلے بازوں کی تیاری بھی بہت اہم ہے، ہمارے بلے بازوں میں اس حد تک اسکور کرنے کی قابلیت موجود ہے جس کا باؤلرز دفاع کر سکیں تاہم اب دیکھنا ہے کہ وہاں کس طرح کی وکٹیں تیار کی جاتی ہیں۔

نئے کوچ مکی آرتھر کے بارے میں سوال پر وہاب نے کہا کہ نئے کوچ کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے کیونکہ یہ سب مختلف طریقوں، سوچ اور نت نئے آئیڈیا کے تحت کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں سے بہترین کام لیتے ہوئے ایک کامیاب کوچ ثابت ہوں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں