اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی آئندہ ہفتے منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہوگی۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم کی غیرموجودگی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سیاسی اور انتظامی فیصلے نواز شریف کی مشاورت سے کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم ایک ہفتہ آرام کے بعد ڈاکٹر سے پوچھ کر سفر کریں گے۔

وزیراعظم کیلئے دعا کی اپیل

دوسری جانب وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز شریف نے بھی اپنے والد کی سرجری کی تصدیق کردی۔

ٹوئٹر پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سرجری منگل کو ہوگی جبکہ وزیراعظم ہسپتال میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی ڈاکٹر انہیں اجازت دیں گے نواز شریف وطن واپس آجائیں گے۔

مریم نواز نے بتایا کہ 2011ء میں وزیراعظم کے دل کاعلاج ہوا تھا جس کے دوران پیچیدگیاں بھی ہوئیں۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستانی عوام سے وزیراعظم کی صحت یابی کی بھی اپیل کی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے ڈان نیوز سے نواز شریف کے قیام میں توسیع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ڈاکٹروں کے مشورے پر لندن میں ایک دن اور قیام کریں گے۔

تاہم انہوں نے ان رپورٹس کی تردید کی جن کے مطابق وزیراعظم مزید علاج کے لیے نیو یارک روانہ ہورہے تھے۔

خیال رہے کہ یہ نواز شریف کا لندن کا کچھ ہفتوں کے دوران دوسرا دورہ ہے۔

اس سے قبل وہ گزشتہ ماہ بھی طبی معائنے کے سلسلے میں لندن روانہ ہوئے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (2) بند ہیں

الیاس انصاری May 28, 2016 01:02pm
بظاہر لگتا تو نہیں ہے کہ نواز شریف صاحب اتنے بیمار ہیں کہ اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت پیش آگئی
Hassan Ali Jaffari May 28, 2016 05:26pm
یا تو ایٹمی پاور پاکستان میں ایسا ہسپتال نہیں کہ جہاں اس کا اپنا وزیر ا عظم اپنے دل کا ہارٹ بائی پاس کرا سکے ، یا وزیر ا عظم میں سیاسی شعور نہیں - اب دل کی بیماری اتنی بھی جلدی نہیں ہوتی ہے کہ جہاں انسان کھڑا ہو ہو وہیں اس کی ہارٹ سرجری کردی جائے