'ٹیم کے انتخاب میں ڈسپلن پرسمجھوتہ نہیں ہوگا'

انضمام کا کہنا ہے کہ  وہ کپتانوں کی ہاں میں ہاں ملانے والے چیف سلیکٹر نہیں ہیں—فوٹو: پی سی بی
انضمام کا کہنا ہے کہ وہ کپتانوں کی ہاں میں ہاں ملانے والے چیف سلیکٹر نہیں ہیں—فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کی ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دونوں کھلاڑیوں پر واضح کردیا کہ وہ ڈسپلن کے معاملات ٹھیک کریں ورنہ ٹیم میں منتخب ہونا آسان نہیں ہوگا۔

بی بی سی کو دیے گئے انٹر ویو میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ 'مجھ سے پہلے کسی نے بھی کبھی کسی کھلاڑی کو ٹیم سے باہر کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی لیکن میں نے احمد شہزاد اور عمراکمل کو بلا کر ڈسپلن کے بارے میں یہ واضح کردیا کہ وہ اسے ٹھیک کرلیں اگر ایسا نہیں کریں گے تو میرے لیے انھیں ٹیم میں منتخب کرنا آسان نہیں ہوگا'۔

اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'میرا صرف ایک سوال ہے کہ کیا ٹیم میں ڈسپلن نہیں ہونی چاہیے، ورنہ پھر میرے فیصلے کو سراہنا ہوگا'۔

فٹنس کو ٹیم میں شمولیت کے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میں مستقبل میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ فٹنس کا ایک مقررہ معیار پورا سال برقرار رہے اور اس سلسلے میں کوچ مکی آرتھر سے بھی بات کروں گا اور کوئی بھی کرکٹر جو اس معیار پر پورا نہیں اترے گا اس کے انتخاب پر غور نہیں ہوگا'۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ 'میں کپتانوں کی ہاں میں ہاں ملانا والا نہیں بلکہ بااختیار چیف سلیکٹر ہوں لیکن مجھے یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ کپتان کو میدان میں جا کر ٹیم کو لڑانا ہے لہٰذا وہ جو کھلاڑی چاہتے ہیں انھیں وہ فراہم کیے جائیں'۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہ 'جب میں کپتان تھا تو اس وقت میں بھی اپنی پسند کے کھلاڑیوں کے لیے سلیکٹرز سے بات کرتا تھا، جو حق میں نے اپنی کپتانی میں استعمال کیا اس سے اب کسی اور کپتان کو کیوں محروم رکھوں'۔

فواد عالم کو قومی ٹیم میں شامل نہ کرنے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ' یہ درست نہیں ہے کہ فواد عالم کو نظر انداز کیا گیا ہے، سلیکٹرز کے لیے وہ نئے نہیں لہٰذا جب بھی ضرورت پڑے انھیں بلاسکتےہیں اس لیے انھیں مایوس نہیں ہونا چاہیے'۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Muhammad Qaiser Awan May 28, 2016 08:25am
یہ سب کہنے والی باتیں ہیں۔ امضمام صاحب کہییں دو سال کے بعد یہ نہ کہیں کہ میرے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا۔
الیاس انصاری May 28, 2016 01:00pm
پاکستان میں ہر کوئی باتیں بہت بناتا ہے جبکہ کوئی بھی کسی سے بھی مختلف نہیں ہوتا - انضمام نے ڈسیپلن کے حوالے سے بہت کچھ کہا اور شہزاد و اکمل کو باہر بھی کیا لیکن یونس خان کے معاملے پر انہیں بھی ہتھیار ڈالنے پڑے