مدثر نذر کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین مقرر

مدثر نذر آئی سی سی کرکٹ ڈیولپمنٹ کے سربراہ رہ چکے ہیں—فوٹو: بشکریہ آئی سی سی
مدثر نذر آئی سی سی کرکٹ ڈیولپمنٹ کے سربراہ رہ چکے ہیں—فوٹو: بشکریہ آئی سی سی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مدثر نذر کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین مقررکردیا جبکہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی ایچ آر کمیٹی کے بھی چیئرمیں ہوں گے۔

جمعے کو پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے بورڈ آف گورنرز کی منظوری کے بعد اہم کمیٹیوں کے سربراہان اور اراکین کی منظوری دے دی ہے۔

بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کو ایچ آر کمیٹی کا بھی چیئرمین منتخب کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی میں بورڈ آف گورنرز کے رکن ظفر احمد اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سمیت تین اراکین جبکہ بریگیڈئر (ر) ساجد حمید کو سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم کو کسی بھی کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

مدثر نذر کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ اراکین میں اقبال قاسم، ندیم خان اور عروج ممتاز شامل ہیں، منیجر انٹرنیشنل کرکٹ عدنان مظفر کو کمیٹی کا سیکرٹری چن لیا گیا ہے۔

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز میں شامل شکیل شیخ ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی کے چیئرمیں منتخب ہوئے ہیں، منیجر ڈومیسٹک کرکٹ ثاقب عرفان کو کمیٹی کا سیکرٹری بنا یا گیا ہے۔

بورڈ کی آڈٹ کمیٹی کے چیئرمین کے لیے منصور مسعود خان کا انتخاب کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کی ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی کے ٹیم سمیت بورڈ میں کئی تبدیلیاں کی گئیں۔

ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقاریونس نے بورڈ کی جانب سے ان کی تجاویز پر عمل نہ کرنے اور ٹیم کی ناقص کاکردگی پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر کو ٹیم کا ہیڈ کوچ جبکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں