دوسرا ٹیسٹ:انگلینڈ کے سری لنکا کے خلاف 310 رنز

جوروٹ 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
جوروٹ 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی

چیسٹر لی اسٹریٹ: انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں الیکس ہیلز اور جو روٹ کی ذمہ دارانہ بلے بازی کے بدولت پہلے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنالیے۔

چیسٹرلی اسٹریٹ میں کھیلے جارہے دورسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنر الیکس ہیلز نے پہلے میچ کی طرح ذمہ دارانہ بلےبازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ میں کپتان کے ساتھ 39 رنز کی شراکت قائم کی جب کک 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ میں ہیلز نے کومپٹن کے ساتھ مل کر اسکور کو 64 رنز پہنچایا جبکہ تیسری وکٹ پر جو روٹ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور انگلینڈ کو 160 کے مجوعے تک پہنچایا تھا کہ ہیلز 83 رنز بنا کر سری وردنے کا شکار بنے۔

جوروٹ نے سری لنکن باؤلرز کا خوبصورتی سے سامنا کیا لیکن 80 کے اسکور پر پرادیپ نے سلوا کے ہاتھوں آؤٹ کرکے اہم کامیابی حاصل کی، اس وقت انگلینڈ کا اسکور 219 رنز تھا، جبکہ وینس 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بیئراسٹو نے ایک دفعہ پھر 48 رنز کی اننگز کھیلی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں معین علی کے ساتھ 70 رنز کا اضافہ کیا، بیئراسٹو 267 رنز پر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔

پہلے دن کے اختتام پر انگلینڈ کا اسکور 310 رنز تھا، معین علی 28 اور کرس ووکس 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے پرادیپ نے 3 اور سریواردنے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ نے ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 88 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں