دنیا میں تعمیر ہونے والی 10 مہنگی ترین عمارات

دنیا میں تعمیر ہونے والی 10 مہنگی ترین عمارات

دنیا میں خوبصورت عمارات کی کمی نہیں جو دیکھنے میں شان و شوکت کا شاہکار اور اپنی جانب کھینچتی ہیں مگر ان میں سب سے مہنگی تعمیر کس کی ہوئی ہے؟

اس سوال کا جواب حال ہی میں امریکی ویب سائٹ بزنس انسائیڈر نے اپنی ایک رپورٹ میں دیا ہے جس میں دنیا کی مہنگی ترین تعمیر ہونے والی عمارات کا ذکر کیا گیا ہے۔

کچھ سال یا دہائیوں پہلے تعمیر ہونے والی عمارات کی لاگت کو موجودہ دور کی افراط زر کو پیش نظر رکھ کر مرتب کیا گیا ہے۔

تو ہم نے بھی اس فہرست میں موجود 10 مہنگی ترین عمارات کو منتخب کیا ہے جن میں حیران کن طور پر سعودی عرب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہے ۔

10۔ وائنن لاس ویگاس، امریکا

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

وائنن لاس ویگاس کو دنیا کے چند بہترین ہوٹلوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور ہر ریٹنگ ایجنسی نے اسے فائیو اسٹار رینگ دے رکھی ہے۔ اس عمارت کی تعمیر پر 3.3 ارب ڈالرز کا خرچہ ہوا۔

9۔ فریڈم ٹاور، نیویارک

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

4 ارب ڈالرز سے تعمیر ہونے والی اس عمارت کو ون ٹریڈ سینٹر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، یہ ٹاور اس مقام پر تعمیر ہوا جہاں نائن الیون کے حملے ہوئے تھے اور اسے 2014 میں کھولا گیا۔ یہ نیویارک کی سب سے لمبی عمارت ہے۔

8۔ دی کاسموپولیٹن، لاس ویگاس

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

یہ امریکا کا سب سے مہنگا کیسنو ریزورٹ ہے جس کی تعمیر پر 4.1 ارب ڈالرز کا خرچہ ہوا، 2 کاسموپولیٹن ٹاور میں 3 ہزار کمرے ہیں جبکہ دو کلب بھی اس کا حصہ ہیں۔

7۔ آسٹریلین پارلیمنٹ، کینبرا

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

یہ اس فہرست میں 7 ویں نمبر پر ہے جس کی تعمیر 1988 میں ایک ارب آسٹریلین ڈالرز سے ممل ہوئی تھی، آج کے افراط زر کا حساب کیا جائے تو یہ رقم 4.2 ارب امریکی ڈالرز بن جاتی ہے۔ اس عمارت میں 4700 کمرے ہیں اور یہاں بجلی کے لیے شمسی توانائی کو استعمال کیا جاتا ہے۔

6۔ ریزورٹس ورلڈ سینٹوسا، سنگاپور

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

ایشیاءمیں سیاحوں کو اپنی جانب کھینچنے والی چند اہم ترین جگہوں میں سے ایک اس ریزورٹ میں یونیورسل اسٹوڈیوز پارک، ایک ایڈونچر واٹر پارک اور دنیا کی سب سے بڑی بحری مطالعہ گاہ بھی ہے۔ اس کی تعمیر پر 5.4 ارب ڈالرز کا خرچہ ہوا اور اس کو چلانے کے لیے 10 ہزار سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔

5۔ ایمریٹس پیلس، ابوظبہی

کریٹیو کامنز فوٹو
کریٹیو کامنز فوٹو

یہ تعمیر ہونے والا دنیا کا مہنگا ترین لگژری ہوٹل ہے جس کی تعمیر پر 6 ارب ڈالرز کا خرچہ ہوا، یہ ہوٹل 2006 میں کھولا گیا تھا جس کا مقصد پوری دنیا کے سامنے عربی ثقافت کو پیش کرنا تھا۔ یہ اتنا زیادہ پرتعیش ہے کہ اس کی انتظامیہ خود کو فائیو اسٹار سے بھی اوپر قرار دیتی ہے۔ فاسٹ اینڈ فیوریس 7 دیکھنے والوں کو بھی یہ ہوٹل ضرور یاد ہوگا۔

4۔ مرینہ بے سینڈز، سنگاپور

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

سنگاپور کا یہ مقبول ریزورٹ تعمیر کے لحاظ سے دنیا کا مہنگا ترین ریزورٹ ہے، 8 ارب ڈالرز کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ ریزورٹ دنیا بھر کے سیاحوں میں بہت مقبولیت رکھتا ہے جس کی وجہ اس کا حیرت انگیز اسکائی پارک اور انفینٹی پول ہے جو اس کی چھت پر موجود ہے۔

3۔ ٹوکاماک ریکٹر، فرانس

فوٹو بشکریہ Iter.org
فوٹو بشکریہ Iter.org

یہ اس فہرست میں شامل واحد سائنسی تحقیقی مقام ہے جو فرانس کے علاقے Cadarache میں موجود ہے۔ 14 ارب ڈالرز کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ ریکٹر طاقتور مقناطیسی میدانوں کو تشکیل دیکر مختلف تجربات کے لیے تعمیر کیا گیا۔

2۔ ابراج البیت، مکہ

رائٹرز فوٹو
رائٹرز فوٹو

یہ کلاک ٹاور مکہ مکرمہ میں ایک دہائی تک تعمیری مراحل سے گزرنے کے بعد 2012 میں کھولا گیا۔ اس کلاک ٹاور کی تعمیر پر 15 ارب ڈالرز کا خرچہ ہوا اور اس کے حصے میں دنیا کے بلند ترین کلاک ٹاور سمیت کئی اعزاز آئے ہیں۔

1۔ مسجد الحرام

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

دنیا کا سب سے مقدس مقام جس کی تعمیر و توسیع پر سعودی حکومت نے اتنا خرچہ کیا ہے کہ یہ دنیا کا مہنگا ترین تعمیراتی مقام بھی بن چکا ہے۔ اس کی توسیع کے لیے اتنے زیادہ منصوبوں پر کام ہوا ہے کہ ان کی درست لاگت کا بالکل ٹھیک تخمینہ لگانا ممکن نہیں تاہم پھر بھی یہ کم از کم 30 ارب ڈالرز سے زائد ہے۔ اس مسجد ابھی 88 ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے جس میں مزید 40 لاکھ اسکوائر فٹ توسیع کا اعلان کیا جاچکا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔