کیپلر 62f ممکنہ طور پر قابل رہائش سیارہ

اپ ڈیٹ 28 مئ 2016
— فوٹو بشکریہ ڈیلی انڈیپینڈنٹ
— فوٹو بشکریہ ڈیلی انڈیپینڈنٹ

سائنسدانوں نے کہا ہے کہ 12 سو نوری برس دور واقع ایک ستارے کے گرد گھومنے والا زمین جیسا سیارہ زندگی کے لیے موزوں ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ دعویٰ کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ماہرین نے کیا۔

کیپلر 62f نامی یہ سیارہ زمین سے 40 فیصد بڑا ہے اور ممکنہ طور پر اس کی سطح پر سمندر ہوسکتے ہیں۔

یہ ایک ستارے کے گرد گھومنے والے پانچ سیاروں میں سب سے دور ہے جو کہ چھوٹا اور سورج کے مقابلے میں زیادہ ٹھنڈا ہے جسے امریکی خلائی ادارے ناسا کی کیپلر دوربین نے 2013 میں دریافت کیا تھا۔

اب نئی تحقیق کے دوران کمپیوٹر سمیولیشن سیارے کے ممکنہ ماحول کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ کیپلر 62f زندگی کی نشوونما کے لیے موزوں ہوسکتا ہے۔

محققین کے مطابق ہم نے ایسے متعدد موسمیاتی عناصر دریافت کیے ہیں جو سطح پر سیال پانی کو گرم رکھنے کے لیے کافی ہیں اور اس طرح یہ قابل رہائش سیارے کے لیے مضبوط امیدوار بن جاتا ہے۔

چونکہ یہ سیارہ اپنے ستارے سے کافی فاصلے پر ہے تو اسے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ایسے گرین ہاﺅس اثر کی ضرورت ہے جو پانی کو منجمند ہونے سے بچائے رکھے۔

تاہم مخصوص اقسام کے مدار سیارے کی سطح کے درجہ حرارت کو سال کے مخصوص اوقات میں بڑھا کر منجمند ہونے سے بچاتے ہیں چاہے وہاں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح کم ہی کیوں نہ ہو۔

اب تک کائنات میں 2300 سے زائد سولر سسٹم کی شناخت ہوچکی ہے اور ان میں محض درجن بھر سیاروں کو اپنے ستاروں کے مدار میں قابل رہائش زون میں سمجھا جارہا ہے۔

بشکریہ ڈیلی انڈیپینڈنٹ


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں