دوسراٹیسٹ: سری لنکا کی بیٹنگ مشکلات کاشکار

معین علی ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنزاور 50 وکٹیں حاصل کرنے والے پانچویں انگلش کھلاڑی بن گئے—فوٹو: اے ایف پی
معین علی ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنزاور 50 وکٹیں حاصل کرنے والے پانچویں انگلش کھلاڑی بن گئے—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے 8 بلے باز 91 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے 8 بلے باز 91 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی

چیسٹرلی اسٹریٹ: سری لنکا کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 91 رنز بنا کر شدید مشکلات کا شکار ہے جبکہ فالوآن کے خطرے سے بھی دوچار ہوگئی ہے۔

چیسٹرلی اسٹریٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ کا اسکور 6 وکٹوں پر 310 رنز تھا اور معین علی 28 اور کرس ووکس 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔

معین علی نے دوسرے روز شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں نہ صرف اپنی دوسری سنچری مکمل کی بلکہ انگلینڈ کو سری لنکا کے خلاف بہترین مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کے مجموعی اسکور 389 پر کرس ووکس 39 رنز بنا کر دوسرے روز آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، اسٹورٹ براڈ نے 7 رنز کا اضافہ کیا تاہم اسٹیون فن نے معین علی کا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے شراکت میں 72 رنز بنائے۔

فن 10 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، یہ ہیراتھ کی ٹیسٹ کرکٹ میں 300 ویں وکٹ تھی۔

انگلینڈ نے 9 وکٹوں پر 498 رنز بنا کر اٌپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔

معین علی نے 17 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 155 رنز بنائے، جیمز اینڈرسن 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

معین علی انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار بنانے اور 50 وکٹیں حاصل کرنے والے پانچویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پرادیپ 4 وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کی جانب سے سرفہرست باؤلر رہے، لکمل اور سری وردنے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کے بڑے مجموعے کے جواب میں سری لنکا کی بلے بازی پہلے میچ کی طرح مایوس کن رہی اور تمام بلے بازی ذمہ دارانہ کھیل پیش کرنے میں ناکام ثابت ہوئے۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 10 رنز پر گری جس کے بعد سلوا اور مینڈس نے اسکور کو 44 تک پہنچایا لیکن سلوا کی ہمت 13 رنز بنا کر جواب دے گئے جس کے بعد کوئی بھی بلے باز وکٹ پر ٹھہر کر انگلش باؤلرز کا مقابلہ نہ کرسکا۔

مینڈس 35 رنز بنا کر سرفہرست بلے باز رہے، چندی مل 4، کپتان میھتیوز 3، سر وردنے صفر، ہیراتھ 12 اور ایرنگا 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا نے دوسرے روز کے اختتام پر 8 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے تھے اور انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 407 رنز درکار ہیں۔

تھریمانے 12 اور لکمل صفر پر کھیل رہے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور اسٹورٹ براڈ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اینڈرسن کو 2 وکٹیں ملیں۔

انگلینڈ نے ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 88 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں