اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے مانسہرہ کے قریب کریبائی اوگی اور چارنگ اڈا گاؤں میں کارروائیاں کیں.

اعلامیے کے مطابق دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے 20 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا جسے پریشر ککر میں چھپایا گیا تھا۔

برآمد ہونے والے اسلحے میں راکٹس، دستی بم، پستول اور اے کے 47 رائفل بھی برآمد کی گئی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل افغانستان کی سرحد کے ساتھ واقع پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز نے افغان 'دہشت گردوں' کا حملہ پسپا کرکے 4 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ آپریشن ضرب عضب کا آغاز 15 جون 2014 میں کراچی ایئرپورٹ پر حملے اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور حکومت کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد شروع کیا گیا تھا۔

رواں سال فروری میں آرمی چیف نے شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں آپریشن کے حتمی مرحلے کی منظوری دی تھی۔

اس مرحلے کے دوران عسکریت پسندوں کو ان کے ٹھکانوں میں نشانہ بناکر تباہ کیا گیا جبکہ ان کے بیرون ملک موجود سہولت کاروں سے رابطے بھی منقطع کیے گئے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں