اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2016-17 کے وفاقی بجٹ کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ اور قومی اقتصادی کونسل کے ایک ہی روز اجلاس کے بعد پیر کا دن ملک کی تاریخ میں ایک غیر معمولی دن ہوگا۔

نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کا مجموعی حجم 44 کھرب روپے رکھے جانے کا امکان ہے، جس میں مجموعی ترقیاتی بجٹ ایک ہزار 675 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے۔

حکومتی عہدیداران کے مطابق لندن میں علاج کی غرض سے قیام پذیر وزیر اعظم نواز شریف، پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے قومی اقتصادی کونسل جبکہ ساڑھے 6 بجے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی ویڈیو لنک کے ذریعے صدارت کریں گے۔

سابق سیکریٹری خزانہ نے کہا کہ بجٹ کی اس طرح منظوری سے حکومت کو اس نئے چیلنچ کا سامنا ہوسکتا ہے کہ وہ وفاقی بجٹ اور خاص طور پر فنانس بل 2016-17 کو تین روز سے زائد عرصے تک کیسے لیک ہونے سے روکے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق وفاقی بجٹ کی تاریخ بغیر کسی تبدیلی کے 3 جون مقرر ہے۔

لیکن جس طرح اس کی منظوری دی جارہی ہے یہ بے مثال ہے، کیونکہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار، کسی حکومتی سربراہ کی جانب سے بجٹ کی منظوری آن لائن دی جائے گی۔

بجٹ کے حوالے سے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہمیشہ فنانس بل کے پارلیمنٹ میں پیش کے جانے سے قبل ہوتا ہے، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بجٹ کے حوالے سے میڈیا میں قیاس آرائیاں نہ ہوں، لیکن اس کے باجود مجوزہ بجٹ کا کچھ حصہ پارلیمنٹ میں پہنچنے سے قبل ٹی وی چینلز پر دکھایا جارہا ہے۔

سابق سیکریٹری خزانہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کابینہ میں تاجروں اور میڈیا نمائندوں کے دوست ہوتے ہیں، جن سے بجٹ کے حوالے سے اہم فیصلے زیادہ دیر تک سینے میں دبائے رکھنے کی امید نہیں کی جاسکتی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کے مطابق آئندہ مالی سال کا مجموعی ترقیاتی بجٹ ایک ہزار 675 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے جس میں وفاقی ترقیاتی بجٹ 800 ارب جبکہ صوبوں کا ترقیاتی بجٹ 875 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

قبل ازیں آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دینے سے پہلے، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برآمدی شعبے کے نمائندہ وفد کو یقین دہانی کرائی تھی کہ بجٹ میں زیرو ریٹنگ کو دوبارہ بحال کیا جائے گا، تاکہ شعبے کو ٹیکس کی رقم کی واپسی کے مسائل کا سامنا نہ ہو۔

یہ خبر 30 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں