مودی 4 جون کو افغانستان کا دورہ کریں گے

اپ ڈیٹ 30 مئ 2016
ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

نئی دہلی: ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی دورہ امریکا سے قبل رواں ہفتے افغانستان کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ نریندر مودی نے اگلے ماہ 8 جون کو امریکا میں کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنا ہے۔

ہندوستانی چینل این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم مودی 4 جون کو پہلے افغانستان جائیں گے، جہاں وہ ہرات میں سلما ڈیم کا افتتاح کریں گے جس کے لیے فنڈز ہندستان نے فراہم کیے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق بعدازاں وزیراعظم مودی 5 جون کو قطر روانہ ہوں گے، جہاں وہ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد التھانی سے تجارتی روابط، خصوصاً ہائیڈرو کاربن سیکٹر کے حوالے سے مذاکرات کریں گے۔

واشنگٹن میں امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات سے قبل نریندر مودی 6 جون کو سوئٹزرلینڈ میں بھی رکیں گے، جہاں وہ سوئس حکام کے ساتھ بلیک منی کا معاملہ اٹھائیں گے۔

امریکا میں نریندر مودی 7 اور 8 جون کو دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ 8 جون کو وہ امریکی کانگریس کے ایک مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق 10 جون کو ہندوستان واپسی سے قبل نریندر مودی میکسیکو کا دورہ بھی کریں گے۔

یہ خبر 30 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں