ممبئی: ہندوستانی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگ پور کے قریب واقع فوج کے ایک اسلحہ ڈپو میں آگ لگنے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ضلع واردھا کے قریب پلگاؤں کے علاقے میں فوج کے مرکزی اسلحہ ڈپو میں آگ پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے کے قریب لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہی شدت اختیار کرلی۔

ضلع واردھا کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر سمیتا پٹیل نے اے ایف پی کو بتایا کہ واقعے میں 17 افراد ہلاک جبکہ 19 زخمی ہوئے، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد اسلحہ ڈپو میں متعدد دھماکے ہوئے۔

ناگ پور فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک فائر افسر رامیش باردے نے اے ایف پی کو بتایا کہ صبح 6 بجے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور صورتحال اب کنٹرول میں ہے۔

دوسری جانب قریبی قصبوں اورگاؤں میں رہائش پذیر ہزاروں خاندانوں کا علاقے سے انخلاء کرالیا گیا ہے۔

آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق مذکورہ ڈپو ایشیا کا دوسرا بڑا اسلحے کا ڈپو ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں