ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل اور انگلینڈ کے مایہ بلے باز کیون پیٹرسن سیمت قومی کھلاڑیوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی کامیاب سرجری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

کرس گیل اور کیون پیٹرسن کی نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعائیہ ویڈیو پیغام قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیں۔

کرس گیل کا کہنا تھا کہ 'میری نیک خواہشات اور دعائیں لندن میں موجود وزیراعظم کے لیے ہیں، میں ان کی کامیاب سرجری کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں اور امید ہے کہ سب کچھ معمول کے مطابق ہو'۔

جارح مزاج بلے باز کا مزید کہنا تھا کہ 'جناب محمد شریف خد آپ اور آپ کے خاندان پر مہربان ہو جبکہ ہم سب آپ کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں'۔

احمد شہزاد نے پاکستان سپر لیگ میں ان کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کےساتھی کھلاڑی کیون پیٹرسن کا بھی اسی طرح کا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔

پیٹرسن نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'سب اچھا ہوگا، نیک خواہشات اور دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، امید ہے کہ سب کچھ بہتر ہوگا'۔

وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری کے لیے جہاں بین الاقوامی کھلاڑیوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے وہی قومی ٹیم کے کھلاڑی عمر اکمل، محمد حفیظ اور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھی ویڈیو پیغامات جاری کیے۔

محمد حفیظ نے اپنے پیغام میں وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنے پیغام میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'دعا ہے کہ میاں صاحب کی اوپن ہارٹ سرجری کامیاب ہو اور جلد وطن واپس آئے'۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائر علیم ڈار نے بھی وزیراعظم پاکستان کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ مریم نواز شریف نے جمعہ کے روز اپنے ٹوئٹ میں یہ تصدیق کی تھی کہ ان کے والد کے دل کا آپریشن منگل کے روز ہونے جارہا ہے اور ساتھ ہی قوم سے نواز شریف کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل بھی کی تھی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں