’سلطان’ کے ٹریلر سے عامر ناخوش

31 مئ 2016
عامر خان آنے والی فلم میں ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں — فائل فوٹو
عامر خان آنے والی فلم میں ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں — فائل فوٹو

بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم 'سلطان' نے پہلے کنگ خان شاہ رخ کی فلم 'رئیس' کی ریلیز کو متاثر کیا تھا اور اب مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی اس کے ٹریلر سے ناخوش دکھائی دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سلمان خان اپنی فلم میں ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ریسلنگ میں اپنے ملک کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوانے کی کوشش میں رہتا ہے دوسری جانب عامر خان کی آنے والی فلم میں وہ مہاویر سنگھ پھوگٹ کی زندگی پر ایک فلم کر رہے ہیں جو ایک پہلوان ہیں۔

بولی وڈ لائف کی ایک خبر کے مطابق عامر خان حال ہی میں سلمان خان کی فلم کے ٹریلر سے ناخوش دکھائی دیئے۔

مزید پڑھیں: 'سلطان' کا پہلا ٹریلر، سب کچھ سامنے آگیا؟

رپورٹ کے مطابق اداکار کا ماننا ہے کہ کہیں نہ کہیں سلمان کی فلم ان کی فلم 'دنگل' کی کمائی کو نقصان پہنچا سکتی ہے کیوں کہ دونوں فلموں میں بہت حد تک ایک انداز کی پہلوانی پیش کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ عامر خان نے سلمان خان سے قبل اپنی فلم کا اعلان کیا تھا اور اس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا تھا تاہم سلمان اس سال ان سے پہلے اپنی فلم ریلیز کرنے جارہے ہیں۔

سلمان خان کی فلم 'سلطان' رواں سال عید پر ریلیز کی جائے گی جبکہ عامر خان کی فلم کرسمس پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس سے قبل شاہ رخ خان کی فلم 'رئیس' بھی عید پر ریلیز کی جارہی تھی تاہم فلم 'سلطان' کے باعث شاہ رخ کی فلم کی ریلیز متاثر ہوئی اور اب اسے 2017 میں پیش کیا جائے گا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ مداحوں کو کس سپر اسٹار کی فلم زیادہ پسند آتی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں