'پاکستان 2018 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کےحق میں نہیں'

عوام کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی دوری سے بچانا ہے:شہریارخان—فوٹو: اے ایف پی
عوام کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی دوری سے بچانا ہے:شہریارخان—فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چئیرمین شہریار خان نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان 2018 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے انعقاد میں ووٹ نہ دے سکے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے 2020 سے قبل انعقاد کے حق میں نہیں ہیں۔

آئی سی سی نے رکن ممالک کے ساتھ مشاورت کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020، ایک روزہ ورلڈ کپ2019 اور 2017 میں چمپینز ٹرافی کا شیڈول طے کردیا تھا۔

حالیہ رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کھیلوں کے نشریاتی ادارے اسٹار اسپورٹس کے ساتھ دوسالہ معاہدے کے لیے مذاکرات کر رہا ہے جس کے نیتجے میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد ہر دو سال بعد ہوگا جس کے بعد منافع بخش ایونٹ کا میلہ 2018 اور 2020 میں سجے گا۔

شہریارخان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ'تاحال ہم یہ نہیں جانتے کہ آئی سی سی 2018 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد چاہتا ہے لیکن جب یہ معاملہ سامنے آئے گا تو ہم ممکنہ طور پر اس کے حق میں نہیں ہوں گے'۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ہر دوسال کے انعقاد کے فیصلہ کا انحصار رکن ممالک کے ووٹوں پر ہے جو آئی سی سی کے جون میں ہونے والی سالانہ کانفرنس میں ہوگا۔

پی سی بی کے سربراہ کا خیال ہےکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پہلے ہی زیادہ ہورہی ہے اور کرکٹ کے طویل اور مختصر طرز میں توازن لانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس طرح کرکٹ کا مالی فائدہ تو ہے لیکن ہمیں اس میں توازن لانے کی ضرورت ہے، ہمیں مداحوں کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی دوری سے بھی بچانا ہے'۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں