گوگل اسمارٹ فونز کی دنیا بدلنے کے قریب

اپ ڈیٹ 01 جون 2016
— فوٹو بشکریہ گوگل
— فوٹو بشکریہ گوگل

جب کسی کے اسمارٹ فون کے ہارڈویئر میں خامی آجائے تو ٹھیک نہ ہوسکتی ہو تو اس ڈیوائس کو ایک طرف پھینکنا پڑتا ہے جبکہ کمپیوٹر کے مسائل کو اس کے پرزے تبدیل کرکے حل کرلیا جاتا ہے۔

اور یہی گوگل کے انقلابی پراجیکٹ آرا کا بنیادی خیال ہے۔

گزشتہ چند برسوں سے گوگل موڈیولر اسمارٹ فون کی تیاری پر کام کررہا ہے جس کو صارفین خود اپنی مرضی یا مزاج کے مطابق تیار کرسکیں گے۔

گوگل پہلے ہی اسمارٹ فونز میں سافٹ ویئر کے حوالے سے اپنے انڈرائیڈ سافٹ ویئر کی بدولت انقلاب برپا کرچکا ہے اور اب وہ یہ موبائل ہارڈویئر میں بھی ایسا ہی کرنے والا ہے۔

پراجیکٹ آرا کے تحت آپ اپنے اسمارٹ فونز کے مختلف حصے جیسے کیمرہ، بیٹری اور اسکرین تک جب دل کرے گا بدل سکیں گے۔

اس پراجیکٹ کے سربراہ ڈان کوفمین کے مطابق اس طرح کے اسمارٹ فونز کا ڈویلپر ایڈیشن رواں سال کے آخر تک فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا جبکہ عام صارفین کے لیے یہ 2017 تک تیار ہوجائے گا۔

پراجیکٹ آرا کے اسمارٹ فون 5.3 انچ اسکرین کے ساتھ ہوں گے اور ان میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم ہوگا۔

گوگل کی جانب سے ڈویلپرز کو مختلف حصے جیسے بہتر کیمرہ، ای انک اسکرینیں، اسپیکرز، فلیش لائٹس، فٹنس ٹریکرز، پراجیکٹرز، ایپ شارٹ کٹ بٹنز سمیت بہت کچھ بنانے کا موقع دیا جائے گا۔

تو اس طرح کے موڈیولر اسمارٹ فون ہونے پر آپ جب دل کرے گا بہتر سے بہتر کیمرہ اس میں لگاسکیں گے اور اس میں مسلسل تبدیلیاں لاکر اسے نئی ڈیوائسز کے مقابلے پر لاسکیں گے۔

گوگل کی اس حوالے سے ویڈیو بھی آپ کو ضرور پسند آئے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں