اسلام آباد: حکومت نے جون کے مہینے میں پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ اعلان وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کرتے ہوئے بتایا کہ 'وزیراعظم کی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی پالیسی کے تحت یکم جون 2016 سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جارہا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'قیمتوں کو حالیہ سطح پر برقرار رکھنے کیلئے حکومت سبسڈی دے گی'۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی مد میں 6.69 روپے فی لیٹر سبسڈی دے گی، جس کا مقصد صوبائی حکومتوں کو اس بات کی یقین دہانی کروانے میں مدد دینا ہے کہ رمضان میں غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم کا شعبہ اپنی سب سے زیادہ آمدنی ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پیٹرول کی فروخت سے حاصل کرتا ہے۔

ملک بھر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ہر ماہ تقریبا 600,000 ٹن فروخت ہوتی ہے جبکہ پیٹرول کی ماہانہ فروخت 400,000 ٹن، مٹی کے تیل کی فروخت 10,000 ٹن اور ای او بی سی کی ماہانہ فروخت 6,000 ٹن کے قریب ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں