جان لیوا دل کے دورے سے بچاؤ کا آسان نسخہ؟

27 جون 2016
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— کریٹیو کامنز فوٹو
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— کریٹیو کامنز فوٹو

اپنی غذا میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور مچھلی، بیج اور سبزیوں کا استعمال بڑھا کر جان لیوا دل کے دورے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے حوالے سے ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی طبی تحقیق تھی جس میں لوگوں کے جسم پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

اس تحقیق کے دوران 16 ممالک کی سابقہ 19 تحقیقی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا جس میں 45 ہزار رضاکاروں نے شرکت کی تھی اور یہ معلوم ہوا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی خون میں زیادہ مقدار جان لیوا ہارٹ اٹیک کا خطرہ اوسطاً 10 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

جن لوگوں کے خون میں اس جز کی مقدار بہت زیادہ پائی گئی ان میں یہ خطرہ 25 فیصد سے زیادہ کم ہوگیا۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہارٹ اٹیک دنیا بھر میں اموات کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے اور اس کے خطرے میں غذائی عادت میں ایک تبدیلی کے ذریعے 25 فیصد تک کمی لائی جاسکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق مچھلی اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہے جو کہ مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

اسی طرح اخروٹ، السی کے بیج، سبز پتوں والی سبزیاں وغیرہ بھی اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے حصول کے بہترین ذرائع میں سے یاک ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ ابھی واضح نہیں کہ اس جز کی خون میں بلند مقدار ہارٹ اٹیک کے خلاف موثر کیوں ثابت ہوتی ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے جرنل جاما انٹرنل میڈیسین میں شائع ہوئی۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں