یورو 2016: آئس لینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست

اپ ڈیٹ 28 جون 2016
انگلینڈ کے گول کیپر جو ہارٹ یورو 2016 کے ناک آؤٹ مرحلے میں شکست کے بعد مایوس نظر آرہے ہیں—۔فوٹو/ اے پی
انگلینڈ کے گول کیپر جو ہارٹ یورو 2016 کے ناک آؤٹ مرحلے میں شکست کے بعد مایوس نظر آرہے ہیں—۔فوٹو/ اے پی

نائس: یورو کپ 2016 کے ناک آؤٹ مرحلے میں آئس لینڈ نے اعصاب شکن مقابلے میں انگلینڈ کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

فرانس میں جاری یورو کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے تیسرے روز 2 میچز کھیلے گئے۔

انگلش کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کے اسٹرائیکر وین رونی کی قیادت میں انگلینڈ ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں آئس لینڈ کے مدمقابل نظر آئی۔

انگلینڈ نے میچ کا شاندار آغاز کیا اور چوتھے منٹ میں ہی وین رونی نے پنالٹی اسٹروکس پر گیند کو جال کی راہ دکھا کر آئس لینڈ کے خلاف صفر کے مقابلے میں 1 گول کی برتری دلادی۔

تاہم انگلینڈ کی برتری زیادہ دیر تک برقرار نہ رہ سکی اور 2 منٹ بعد ہی آئس لینڈ کے کھلاڑی رایگنر سگورڈسن نے کلوز رینج سے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا دیا، اس طرح میچ کا 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔

انگلینڈ کی ٹیم ابھی آئس لینڈ کے کھلاڑیوں کے حملوں سے سنبھل ہی نہیں پائی تھی کہ 18 ویں منٹ میں آئس لینڈ کے کوبین سگوتھروسن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 1-2 سے سبقت دلائی۔

دوسرے ہاف میں آئس لینڈ نے منیجر رائے ہڈسن کی انگلش ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور میچ کے اختتام تک انگلینڈ کو گول کرنے سے محروم رکھا۔

انگلش منیجر رائے ہڈسن نے آئس لینڈ کو قابو کرنے کے لیے کئی متبادل کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارا لیکن وہ بھی انگلینڈ کو شکست سے نہ بچاسکے۔

میچ کے اختتام کے بعد انگلش کپتان وین رونی نے آئس لینڈ کے خلاف شکست کو تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی بہترین ٹیم ہمیشہ نہیں جیت پاتی، جب حریف ٹیم آپ پر سبقت حاصل کرلے تو میچ کا اسکور برابر کرنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ حریف ٹیم اُس وقت منظم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاسٹ 16 میچ میں آئس لینڈ کے مقابلے کے لیے پراعتماد تھے، ہم جیت سکتے تھے لیکن آج کے میچ میں شکست سے سخت مایوسی ہوئی ہے۔

اٹلی نے دفاعی چیمپیئن اسپین کو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا

یورو کپ 2016 کے ناک آؤٹ مرحلے میں اٹلی نے بھی دفاعی چیمپیئن اسپین کو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

اٹلی نے یکطرفہ مقابلے میں صفر کے مقابلے میں 2 گول سے دفاعی چیمپیئن اسپین کا پتہ صاف کیا۔

گیورگی چیلینی نے 33ویں منٹ میں گول کرکے میچ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

انجری ٹائم میں ساؤتھمپٹن کے اسٹرائیکر گرازیانو پیلے نےاطالوی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا اور ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا پروانہ دلا دیا۔

کوارٹر فائنل میں اطالوی ٹیم کو عالمی چیمپپئن جرمنی کا چیلنج درپیش ہوگا۔

خیال رہے کہ یہ اٹلی کی اسپین کے خلاف 1994 ورلڈ کپ کے بعد پہلی کامیابی ہے، اٹلی نے کوارٹر فائنل میں اسپین کو 1-2 سے زیر کیا تھا۔

دوسری جانب اسپین کو گزشتہ 7 اہم انٹرنیشنل فائنل ٹورنامنٹس میں سے 3 میں کامیابی اور 4 میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ برابر رہا۔

اسپین کو تین بار (1964، 2008، 2012) یورپیئن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل ہے، جبکہ اٹلی نے1968 میں یورو کپ اپنے نام کیا تھا۔

یوروکپ کا ناک آؤٹ مرحلہ ختم ہوگیا جبکہ کوارٹر فائنل میں پولینڈ کا مقابلہ پرتگال، ویلز کا مقابلہ بیلجیئم، جرمنی کا مقابلہ اٹلی اور فرانس کا مقابلہ آئس لینڈ سے ہوگا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں