گر تو آپ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو جان لیں کہ متعدد پرانے فونز پر دنیا کے مقبول ترین میسنجر نے اپنی سپورٹ ختم کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔

اس بات کا اعلان رواں فروری میں واٹس ایپ نے اپنے بلاگ پوسٹ میں جاری ایک بیان میں کیا تھا۔

واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ پر جاری بیان کے مطابق اس میسنجر کی سپورٹ تمام بلیک بیری فونز، کچھ نوکیا اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر رواں سال کے آخر تک کسی وقت ختم کردی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ یہ موبائل ڈیوائسز ہماری کامیابی کا اہم حصہ ہیں مگر ان فونز میں ایسی خوبیاں نہیں جو ہماری ایپ کے فیچرز کو مستقبل میں توسیع دے سکیں۔

واٹس ایپ کے اس فیصلے سے بلیک بیری کا ہر فون متاثر ہوگا چاہے اس میں نیا بلیک بیری 10 سسٹم ہی کیوں نہ موجود ہو۔

اس طرح نوکیا S40، نوکیا S60 اور ہر وہ فون جو اینڈرائیڈ 2.1 یا 2.2 اور ونڈوز 7.1 پر چل رہا ہوگا اس پر بھی واٹس ایپ کی سپورٹ ختم ہوجائے گی۔

بلیک بیری استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے اور اس فیصلے سے وہ ضرور متاثر ہوں گے۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ فونز استعمال کرنے والے صارفین سال کے ختم ہونے سے قبل نئی ڈیوائسز پر منتقل ہوجائیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے سروس مین مزید سیکیورٹی ٹولز اور نئے فیچرز کا اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔

اس حوالے سے واٹس ایپ میسنجر کی ایک تصویر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والے بلاگ اینڈرائیڈ پولیس نے جاری کی ہے۔

فوٹو بشکریہ اینڈرائیڈ پولیس
فوٹو بشکریہ اینڈرائیڈ پولیس

تو ابھی آپ کے پاس کچھ ماہ ہے جس کے دوران اپنی ڈیوائس کو بدل کر واٹس ایپ کے استعمال کو جاری رکھا جاسکتا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں