اڑیسہ: ہندوستان نے اسرائیل کے تعاون سے تیار کردہ درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق زمین سے فضا میں مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے اس میزائل کو MR-SAM کا نام دیا گیا ہے اور اسے اسرائیل کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

اس میزائل کو اڑیسہ کے ساحل پر موجود دفاعی اڈے میں چندی پور کے مقام سے صبح 8 بجکر 15 منٹ پر چھوڑا گیا جس نے کامیابی سے تمام اہداف کو حاصل کیا ۔

یہ بھی پڑھیں:ہندوستان کا سپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ

اس میزائل سسٹم میں ملٹی فنکشنل نگرانی اور خطرات کی نشاندہی کرنے والا ریڈار سسٹم (MF-STAR) بھی موجود ہے جس کے ذریعے دشمن کا سراغ لگانے اور میزائل کی رہنمائی کرنے میں مدد ملے گی۔

ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ MF-STAR ٹیکنالوجی سے لیس اس میزائل کے ذریعے کسی بھی فضائی ہدف کو آسانی سے نشانہ بنایا جاسکے گا۔

: مزید پڑھیں: 'ہندوستانی میزائل تجربات پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ'

ہندوستان کے ڈیفنس ریسرچ ڈیویلپمنٹ لیبارٹری نے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز(آئی اے آئی) کے ساتھ مل کر اس میزائل کو تیار کیا ہے۔

اس طرح کے SR-SAM میزائل 50 سے 70 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتے ہیں اور ہندوستان کے ہتھیاروں کی کھیپ میں موجود میزائلوں کی جگہ لے سکتے ہیں۔

ان میزائلوں کو تمام آزمائشیں مکمل ہوجانے کے بعد تینوں مسلح افواج میں شامل کیا جائے گا۔

اس سے قبل ہندوستانی بحریہ نے بھی زمین سے فضا میں طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے LR-SAM میزائل کا تجربہ کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں