یورو کپ: پرتگال سیمی فائنل میں، پولینڈ کا سفرختم

اپ ڈیٹ 01 جولائ 2016
پرتگال ٹیم کے  کپتان کرسٹیانو رونالڈو, فونٹے اور ڈیفینڈر پیپے یورو کپ 2016 کے کوارٹر فائنل میں پولینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے—۔ فوٹو/ اے ایف پی
پرتگال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو, فونٹے اور ڈیفینڈر پیپے یورو کپ 2016 کے کوارٹر فائنل میں پولینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے—۔ فوٹو/ اے ایف پی

مارسیل: کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال نے یورو کپ 2016 کے کوارٹر فائنل میں پولینڈ کو پنالٹی شوٹ پر 3-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

فرانس کے شہر مارسیل میں کھیلے گئے یورو کپ 2016 کے پہلے کوارٹر فائنل میں پرتگال کا سامنا پولینڈ سے ہوا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ ہوا۔

میچ کے دوسرے ہی منٹ میں پولینڈ کے کپتان روبرٹ لیونڈوسکی نے گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

پولش ٹیم کی برتری صرف 33 ویں منٹ تک برقرار رہی تاہم حریف پرتگالی ٹیم کے ریناٹو سانچیز نے گیند کو گول پوسٹ کی راہ دکھا کر میچ کا اسکور 1-1 سے برابر کردیا۔

مقررہ وقت تک میچ ایک ایک گول سے برابر رہا اوراضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکا۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے پینالٹی ککس کا سہارا لیا گیا جس میں پرتگال نے پینالٹی شوٹ آؤٹ پر پولینڈ کے خلاف 3 کے مقابلے میں 5 گول سے کامیابی حاصل کرکےسیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

پرتگال کی ٹیم کو 6 جولائی کو یورو کپ 2016 کے فیصلہ کن مرحلے میں ویلز یا بیلجیئم کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پرتگال نے پانچویں بار یورو کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے، اس سے قبل وہ 1984, 2000, 2004 اور 2012 کا سیمی فائنل کھیل چکا ہے۔

خیال رہے کہ پرتگال کو کبھی یورپیئن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل نہیں ہوا، تاہم رونالڈو کی قیادت میں پرتگالی ٹیم پہلی بار یورپیئن چیمپیئن بننے کے لیے پرعزم ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں