کراچی: پولیس نے شہرِ قائد میں پولیس اہلکاروں اور میڈیا ورکرز کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق 4 پولیس اہلکاروں اور نجی چینل کے 3 کارکنوں کے قتل میں ملوث مبینہ ٹارگٹ کلر محمد سرفراز کو ایف بی انڈسٹریل ایریا سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے، جس کے 2 ساتھیوں ثاقب اور نوید کو کچھ ماہ قبل گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق سرفراز نے 3 میڈیا کارکنوں، ایک متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کارکن اور 4 پولیس اہلکاروں کے قتل اور 2 کو زخمی کرنے کے ساتھ ساتھ 3 فرقہ وارانہ قتل کا بھی اعتراف کیا۔

مقدس حیدر کے مطابق محمد سرفراز کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کی سیکشن 23 (1) اے اور سندھ ایکسپلوسوز ایکٹ کی سیکشن 4 اور 5 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

گذشتہ روز بھی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان ماہ رمضان المبارک میں ایک درجن سے زائد مذہبی رہنماوں اور اسکالرز پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ستمبر 2013 میں دہشت گردوں،ٹارگٹ کلرز، بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:’دہشت گردوں کے خلاف ہمارا مشن بلارکاوٹ جاری رہے گا‘

دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گذشتہ ہفتے دورہ کراچی کے دوران اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ شہر سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز آپریشن جاری ہے، جو شہر میں امن کے قیام کے حصول تک جاری رہے گا، جبکہ رینجرز کو کراچی آپریشن میں ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا تھا کہ کراچی آپریشن اب ایک ایسے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جہاں دہشت گرد اور ان کے معاونین بری طرح متاثر اور تنہائی کا شکار ہیں اور آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ اپنے بچاؤ کا راستہ ڈھونڈ سکیں اور معاشرے کو نفسیاتی طور پر کمزور کرسکیں۔

آرمی چیف نے تمام متعلقہ اداروں کو دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے اور انہیں ختم کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں