سعودی عرب آئی سی سی کا ایسوسی ایٹ رکن منتخب

01 جولائ 2016
آئی سی سی کے مطابق سعودی عرب میں 4ہزار350 کرکٹرکےلیے 106 سے زائد کلب ہیں—فوٹو بشکریہ فیس بک ایس سی سی
آئی سی سی کے مطابق سعودی عرب میں 4ہزار350 کرکٹرکےلیے 106 سے زائد کلب ہیں—فوٹو بشکریہ فیس بک ایس سی سی
فوٹو بشکریہ فیس بک پیج ایس سی سی
فوٹو بشکریہ فیس بک پیج ایس سی سی

ایڈنبرگ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سعودی عرب کو ایسوسی ایٹ رکنیت دے دی جبکہ امریکا اور نیپال کرکٹ ایسوسی ایشن کی معطلی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔

اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرگ میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں سعودی عرب کو 39 ویں ایسوسی ایٹ رکن کی حیثیت سے شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی کرکٹ سینٹر (ایس سی سی) 2003 میں الحاق رکن بن گیا تھا اور 2014 کی رائے شماری کے مطابق 4 ہزار 350 کرکٹر اور 80 کرکٹ کی سہولیات دی گئی جبکہ حال ہی میں ایس سی سی نے آئی سی سی کے اسپانسر کمپنی کے ساتھ تین سال کا منافع بخش معاہدہ کیا ہے۔

ایس سی سی اسپانسر کمپنی کی مدد سے ملک میں 106 مختلف کلبوں کی جانب سے کھیلنے والے 1800 کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے ذریعے وسیع سرمایہ کاری کرے گا۔

سعودی عرب کے کرکٹ بورڈ کی ایسوسی ایٹ رکن کی درخواست کو اکتوبر 2015 کے اجلاس میں قبل ازمنظوری دی گئی تھی جس کو مکمل درخواست جمع کرانے کے بعد مارچ 2016 میں حتمی منظوری دی گئی۔

آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے ایس سی سی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 'میں سعودی کرکٹ سینٹر کو آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ رکن بننے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اورامید ہے کہ یہ اپنے ملک میں کھیل کی ترقی اور وسعت کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے'۔

دوسری جانب آئی سی سی کے 53 رکنی کونسل نے متفقہ طور پر یوایس اے کرکٹ ایسوسی ایشن کی جون 2015 اور کرکٹ نیپال کی اپریل 2016 میں رکنیت کی معطلی کے فیصلے کی توثیق کردی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں