بجلی کی پیداوار میں بہتری لانا انٹرنیٹ ٹیکنالوجی سے ممکن

22 جولائ 2016
— فوٹو بشکریہ ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو پاکستان
— فوٹو بشکریہ ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو پاکستان

فضائی آلودگی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافہ اس وقت عالمی چیلنج بن چکا ہے اور بجلی گھروں سے خارج ہونے والا کاربن عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ قرار دی جاتا ہے۔

تاہم اب انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے بجلی گھروں سے خارج ہونے والے کاربن کی شرح میں نمایاں کمی لانا ممکن ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بجلی گھروں کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کے استعمال کی تازہ مثال اٹلی کا ایک بجلی گھر ہے۔

اس بجلی گھر کا نام A2A ہے اور اسے 2014 میں بند کر دیا گیا تھا تاہم حال ہی میں اس پلانٹ کو دوبارہ فعال کیا گیا اور اب تک کی رپورٹس کے مطابق اس پلانٹ کے اندرونی حالات کار کے ساتھ ساتھ اس کی استعدادکار میں بھی بہتری آئی ہے اور اس کا سہرا نئی کلاؤڈ بیسڈ انٹرنیٹ ٹیکنالوجی ہے۔

A2A پلانٹ کے نائب صدر میسیمیلیانو ماسی (Massimiliano Masi) کے مطابق نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے اس پلانٹ کو زیادہ اچھے طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔

میسیمیلیانو ماسی کے مطابق اس پلانٹ میں جنرل الیکٹرک کا تیار کردہ ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر نصب کیا گیا ہے اور اس کی مدد سے یہ پلانٹ صرف دو گھنٹے کے اندر فعال کیا گیا جبکہ ماضی میں یہی پلانٹ 3 گھنٹے سے زائد دورانیے میں فعال ہوتا تھا، اس کے ساتھ ساتھ اس پلانٹ کی استعدادکار میں اضافہ ہوا ہے اور توانائی کی ضروریات کی بڑھتی گھٹتی طلب کے مطابق پلانٹ سے حاصل ہونے والی بجلی کی پیداوار میں کمی بیشی کی جا سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پلانٹ کے نئی ٹیکنالوجی کے تحت دوبارہ آپریشنل ہونے سے یہ کم سے کم وقت میں مکمل استعدادکار سے بجلی کی پیداوار حاصل کر سکتا ہے اور یہ ٹرانسمیشن آپریٹرز کے لیے باعث تسلی ہے کیونکہ وہ ایسے پلانٹس سے بجلی کے حصول کو فائدہ مند تصور کرتے ہیں جو کم سے کم وقت میں مکمل استعدادکار سے بجلی پیدا کرسکے۔

جنرل الیکٹرک نے گزشتہ برس ڈیجیٹل پاور پلانٹ سسٹم تیار کیا تھا، ابتدائی طور پر یہ سسٹم گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کے لیے تیار کیا گیا تھا تاہم رواں سال جون میں اس سسٹم کو کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں میں بھی نصب کیا گیا اور اس سے بہتر نتائج حاصل ہوئے۔

اس سسٹم کی تنصیب کے بعد کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں سے کاربن کے اخراج کی شرح 3 فیصد کمی ہوئی جبکہ بجلی کی اوسط پیداوار 33 سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گئی۔

اس نئے سسٹم کے تحت بجلی گھروں کے لیے جلائے جانے والے کوئلے کی مقدار کا پلانٹ کی خصوصیات کے مطابق تعین کیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بوائلر تک آکسیجن کے بہاؤ کو بھی ازسرنو ایڈجسٹ کیا جاتا ہے تاکہ پلانٹ کی استعدادکار میں بہتری آئے اور فاسد مادوں کا کم سے کم اخراج ہو۔

جنرل الیکٹرک GE امریکا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو ڈیجیٹل سسٹم روایتی پلانٹس کے ساتھ ساتھ قابل تجدید توانائی پلانٹس کے لیے بھی بہترین بتائی جاتی ہے۔

پاور پلانٹس میں انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے امریکن الیکٹرک پاور کے نائب صدر ٹم ری اورڈن (Tim Riordan) کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور ایسے سسٹمز سے حاصل ہونے والے فوائد کا شمار نہیں کیا جاسکتا۔

اس وقت کوئلے سے چلنے والے 500 میگاواٹ استعدادکار کے پاور پلانٹس سے سالانہ 3.7 ملین ٹن کاربن خارج کیا جاتا ہے تاہم اگر ان پلانٹس میں GE کی جانب سے تیار کردہ سسٹم نصب کر دیا جائے تو کاربن کے اخراج میں سالانہ پچاس ہزار ٹن کمی آئے گی۔


یہ مضمون سب سے پہلے ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو پاکستان میں شائع ہوا جہاں سے اجازت کے بعد یہاں شائع کیا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں