انگلینڈ کی بڑے ہدف کی جانب پیش قدمی

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2016
ایلسٹر کک نصف سنچری بنانے کے بعد شائقین کی داد کا جواب دیتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز
ایلسٹر کک نصف سنچری بنانے کے بعد شائقین کی داد کا جواب دیتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز

مانچسٹر: انگلینڈ نے کپتان الیسٹر کک اور جوروٹ کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔

اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے بیٹنگ کے لیے سازگاروکٹ پر ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ایلسٹر کک اور ایلکس ہیلز نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 25 رنز جوڑے ہی تھے کہ محمد عامر نے شاندار ان سوئنگ پر ہیلز کی وکٹیں بکھیر دیں۔

تاہم اس کے بعد جو روٹ اپنے کپتان کا ساتھ نبھانے وکٹ پر پہنچے اور دونوں نے پراعتماد انداز میں پاکستانی باؤلرز کا سامنا کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔

جب کھانے کا وقفہ ہوا تو انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 95 رنز بنائے تھے، کُک 40 اور روٹ 41 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔

کک اور جوروٹ نے کھانے کے وقفے کے بعد پاکستانی باؤلرز کو مزید پریشان کئے رکھا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 185 رنز کا اضافہ کیا جبکہ اس دوران کک نے اپنے کیریئر کی 29 ویں سنچری مکمل کی جبکہ روٹ نے پراعتماد انداز میں کیریئر کی 21 ویں نصف سنچری مکمل کی۔

الیسٹر کک نے پاکستان کے خلاف اپنی پانچویں سنچری بنائی اور چائے کے وقفے سے قبل 105 رنز بنا کر پویلین لوٹے، محمد عامر نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے کک کی وکٹیں بکھیر دیں۔

انگلینڈ نے چائے کے وقفے پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنا لیے تھے، جو روٹ 87 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

چائے کے وقفے کے بعد جب انگلینڈ میدان میں اترا تو محمد عامر نے جیمز وینس کو پریشان کیا اور سلپ پر کھڑے یونس خان نے ان کا کیچ گرا دیا تاہم 238 کے اسکور پر راحت علی نے انھیں سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر کے پاکستان کو اہم وکٹ دلادی۔

گیری بیلنس نے جوروٹ کا ساتھ دیا اور ٹیم کا اسکور 311 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا مگر راحت علی نے ان کی وکٹیں بھی اڑا کر مزید قیام کا موقع نہیں دیا وہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے روز کے آخری کھلاڑی تھے،

جوروٹ نے اپنی شاندار بلے بازی کو جاری رکھا اور دن کے اختتام پر 141 رنز بنا کر کریز پر کھڑے تھے اور کرس ووکس 3 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے تھے۔

اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر انگلینڈ کا اسکور 4 وکٹوں پر 314 رنز تھا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور راحت علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، پہلے ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے یاسر شاہ دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے جبکہ انھوں نے 31 اوور کے کوٹے میں 130 رنز دیے۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی انگلش ٹیم نے میچ کیلئے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے اسٹیفن فن اور جیک بال کی جگہ بین اسٹوکس اور جیمز اینڈرسن کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے جبکہ قیاس آرائیوں کے برعکس معین علی کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔

پاکستان کے کپتام مصباح الحق نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے لیکن انہوں نے کہا کہ چاہے پہلے بیٹنگ کریں یا باؤلنگ، اصل چیز ڈسپلن سے کھیلنا ہے۔

پاکستان نے میچ کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں اور لاردز کی فاتح الیون کو برقرار رکھا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 75 رنز سے فتح حاصل کر کے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی تھی۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: مصباح الحق، محمد حفیظ، شان مسعود، اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، وہاب ریاض، یاسر شاہ، محمد عامر اور راحت علی۔

انگلینڈ: ایلسٹر کک، ایلکس ہیلز، جو روٹ، جیمز ونس، گیری بیلنس، بین اسٹوکس، کرس ووکس، جونی بیئر اسٹو، معین علی، جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں