’امراؤ جان‘ جیسی کوئی فلم کرنا چاہتی ہوں، ماورا

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2016
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین —
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین —

اداکارہ ماورا حسین نے بولی وڈ میں ڈیبیو فلم 'صنم تیری قسم' میں کام کرنے کے بعد پاکستان کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسڑی میں بھی بڑا نام کمالیا ہے اور اب اداکارہ فلموں میں مزید مشکل کردار کرنے کا ارادہ کررہی ہیں۔

ماورا حسین نے پاکستان میں کئی کامیاب ڈراموں میں بھی کام کیا، جن میں 'ایک تمنا لا حاصل سی'، ' میں بشریٰ' اور آہستہ آہستہ' شامل ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے ماورا کا کہنا تھا کہ وہ تاریخی واقعات اور شخصیات پر بننے والی فلموں میں کام کرنے میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ماورا حسین کا سوشل میڈیا پر مذاق

23 سالہ ماورا کا کہنا تھا کہ 'میں امراؤ جان جسیی کوئی فلم میں کام کرنا چاہتی ہوں، جیسے تاریخی واقعات اور شخصیات پر بننے والی فلمیں، ایسی فلموں کو سکرین پر دیکھ کر بےحد مزہ آتا ہے اور اس قسم کی فلم میں کام کرنا دلچسپ ہوگا'۔

تاہم اس وقت اداکارہ نئے پراجیکٹس پر غور کر رہی ہیں۔

ماورا کے مطابق 'میں اس وقت فلموں کی اسکرپٹس دیکھ رہی ہوں، میں ہر قسم کی فلم کرنے کے لیے تیار ہوں اور خود کو ایک ہی انداز کے کردار پر روکنا نہیں چاہتی'۔

سابق وی جے، ماڈل اور اداکارہ جو کہ اسٹیج ڈراموں میں اپنے ہنر کا مظاہرہ کرچکی ہیں، نئی اسکرپٹس پر کام کرنے کے تجربے سے نہیں ڈرتی۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان سے کوئی مقابلہ نہیں، ماورا

ماورا کے مطابق وہ بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا سے بےحد متاثر ہیں۔

ماورا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'میں کچھ بھی پلان نہیں کرنا چاہتی، میں بس کام کرنا چاہتی ہوں، پھر چاہے وہ ہندوستان میں فلمیں ہوں یا کہیں اور، میں اچھے کام کی امید کرتی ہوں، مجھے پریانکا چوپڑا کے کام کرنے کا انداز بےحد پسند ہے اور میں ان کے کیرئیر کی پیروی کرنا چاہتی ہوں'۔

واضح رہے کہ ماورا کی پہلی بولی وڈ فلم 'صنم تیری قسم' نے باکس آفس پر کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کی تھی تاہم اس فلم میں ماورا حسین کی اداکاری کو کافی پسند کیا گیا۔

قیاس آرائیاں ہیں کہ ماورا حسین نے دو اور بولی وڈ فلمیں بھی سائن کرلی ہیں تاہم ابھی تک اس خبر کی کوئی تصدیقی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ ماورا کی بڑی بہن 25 سالہ عروہ بھی پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے منسلک ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں