افغانستان سے اغواء ہونے والی ہندوستانی خاتون بازیاب

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2016
جوڈتھ ڈی سوزا—۔فوٹو/ بشکریہ این ڈی ٹی وی
جوڈتھ ڈی سوزا—۔فوٹو/ بشکریہ این ڈی ٹی وی

نئی دہلی: افغانستان کے دارالحکومت کابل سے 6 ہفتے قبل اغوا ہونے والی ہندوستانی خاتون جوڈتھ ڈی سوزا کو بازیاب کروالیا گيا۔

ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جوڈتھ ڈی سوزا کی بازیابی کا اعلان کیا۔

سشما سوراج نے بتایا کہ 'جوڈتھ ڈی سوزا بالکل خیریت سے ہیں اور جلد وطن پہنچ جائیں گی'۔

بعدازاں اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں سشما نے لکھا، 'میری جوڈتھ سے گفتگو ہوئی ہے، وہ آج شام ہندوستانی سفیر من پریت ووہرا کے ساتھ دہلی پہنچ جائیں گی۔‘

ہندوستانی وزیر خارجہ نے اپنی ٹوئیٹ میں جوڈتھ ڈی سوزا کی بازیابی کے سلسلے میں افغانستان میں ہندوستانی سفیر من پریت ووہرا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے افغان عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

تاہم سشما سوراج نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ ڈی سوزا کو کن لوگوں نے اغواء کیا تھا اور انھیں بازیاب کیسے کروایا گیا۔

واضح رہے کہ جوڈتھ ڈی سوزا کو گذشتہ ماہ 9 جون کو کابل میں واقع ان کے دفتر کے باہر سے اغوا کرلیا گیا تھا۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق 40 سالہ ڈی سوزا افغانستان میں ایک انٹرنیشنل این جی او آغا خان فاؤنڈیشن کے ساتھ منسلک تھیں۔

کلکتہ سے تعلق رکھنے والی ڈی سوزا گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مقیم تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں