نئی دہلی: ہندوستان ایئرفورس (آئی اے ایف) کے لاپتہ ہونے والے طیارے کا 24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی کچھ سراغ نہ مل سکا۔

دوسری جانب ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر سرچ آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے آج چنائے کا دورہ کریں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز ہندوستان فضائیہ کا ایک اے این 32 طیارہ چنائے سے لاپتہ پوگیا تھا، جس میں 29 افراد سوار تھے۔

ہندوستانی فضائیہ کے طیارے نے جمعہ 22 جولائی کو صبح 8 بجے کے قریب چنائے کے قریب تمبارام ایئربیس سے اڑان بھری جسے 11 بجکر 20 منٹ پر پورٹ بلیئر ایئربیس پر لینڈ کرنا تھا۔

حکام کے مطابق اڑان بھرنے کے 15 منٹ بعد ہی طیارے کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوگیا، تاہم طیارے میں ایک ایمرجنسی بیکن لوکیٹر موجود تھا، جو اُس وقت فعال ہوجاتا ہے جب کوئی طیارہ کریش ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:ہندوستانی فضائیہ کا طیارہ لاپتہ، 29 مسافر سوار

حکام کے مطابق طیارے میں زیادہ تر فضائیہ کے ہی ملازم سوار تھے۔

واقعے کے بعد ایئرفورس، نیوی اور کوسٹ گارڈ کی جانب سے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیوی اور کوسٹ گارڈ کے 12 سرویلینس ایئرکرافٹس بھی خلیج بنگال میں لاپتہ طیارے کو تلاش کر رہے ہیں۔

ہندوستانی وزیر خارجہ منوہر پاریکر نے لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنے پر زور دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 100 سے زائد اے این 32 طیارے اس وقت ہندوستان فضائیہ کے زیر استعمال ہیں، یہ طیارے دوبارہ پیٹرول بھرے بغیر 3 سے 4 گھنٹوں تک پرواز کرسکتے ہیں۔

فضائیہ کے ایک ریٹائرڈ افسر کے مطابق یہ ایئرکرافٹ بہت مضبوط ہوتے ہیں، جو پہاڑوں اور صحراؤں میں سپلائی فراہم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں