امریکی صدارتی الیکشن: ہیلری نے نائب کا اعلان کردیا

23 جولائ 2016
ورجینیا میں انتخابی مہم کے دوران ہیلری کلنٹن اور ٹم کین کی خوشگوار موڈ میں —فوٹو / اے پی
ورجینیا میں انتخابی مہم کے دوران ہیلری کلنٹن اور ٹم کین کی خوشگوار موڈ میں —فوٹو / اے پی

واشنگٹن : امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نامزدگی کی امیدوار ہیلری کلنٹن نے اپنے نائب صدارتی امیدوار کا اعلان کردیا۔

سابق امریکی خاتون اول اور وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں ورجنینیا سے سینیٹر منتخب ہونے والے ٹم کین کو اپنا نائب بنانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں ٹم کین کو نائب صدارتی امیدوار نامزد کرتے ہوئے بہت پر جوش ہوں۔

ٹم کین کون ہیں؟

• 58 سالہ ٹم کین امریکی تاریخ میں ان 20 لوگوں میں شامل ہیں جو اپنے سیاسی کیریئر میں میئر، گورنر اور سینیٹر رہے۔

• 2012 سے سینیٹ میں موجود ٹم کین اہم ترین خارجہ تعلقات کمیٹی اور آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن رہے ہیں۔

• ٹم کین ہسپانوی زبان بھی روانی سے بولتے ہیں اور ہیلری کلنٹن کیلئے انہیں نامزد کرنا ہسپانوی ووٹرز کو خوش کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔

• ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹم کین نائب صدر کیلئے بہتر انتخاب نہیں، خود ٹم کین اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ وہ انتہائی بورنگ شخص ہیں۔

• وہ عیسائیوں کے کیتھولک فرقے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے خیالات پر عقیدے کا اثر دیکھا جاسکتا ہے۔

• ٹم کین سزائے موت کے خلاف ہیں لیکن جب وہ خود گورنر تھے تو سزائے موت پر پابندی عائد نہیں کی تھی۔

• ٹم کین اسقاط حمل کے بھی خلاف ہیں۔

• وہ ٹرانس پیسیفک تجارتی پارٹنرشپ (ٹی ٹی پی) کے حامیوں میں سے ہیں جبکہ ہیلری کلنٹن اور ٹرمپ اس کے خلاف ہیں۔

• ٹم کین کی اہلیہ ریاست ورجینیا میں سیکریٹری تعلیم ہیں۔

• ٹم کین کے والد کنساس شہر کے نواحی علاقے میں ویلڈر کا کام کرتے تھے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹم کین کا انتخاب ہیلری کلنٹن کو ہسپانوی ووٹرز کو خوش کرنے اور ورجینیا میں کامیابی دلا سکتا ہے۔

ہیلری کب باضابطہ طور پر نامزد ہوں گی؟

امریکی صدارتی انتخاب میں صدر اور نائب صدر کی حتمی نامزدگی کیلئے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کا انعقاد 25 سے 28 جولائی 2016 تک ریاست فلاڈلفیا میں منعقد ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد

اس موقع پر حتمی نامزدگی حاصل کرنے کیلئے امیدوار کو 4,769 میں سے کم سے کم 2,383 ڈیلی گیٹس حاصل کرنے ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ری پبلکن پارٹی نے 8 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ کے نائب مائیک پینس ہوں گے۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں