کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، حمزہ کا فیس بک اکاؤنٹ پھر بند

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2016
پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی —
پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی —

کشمیری حریت پسند رہنماء برہان مظفر وانی کی تصویر اور اس پر اظہار خیال کرنے کے بعد فیس بک نے ایک بار پھر پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کے اکاونٹ تین روز کے لیے بین کردیا ہے۔

حمزہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ 'مزید 3 دن کے لیے پابندی عائد کی گئی، اب فیس بک ہمیں بتائے گا کون دہشت گرد ہیں اور کون نہیں

واضح رہے کہ کچھ روز قبل فیس بک نے حمزہ علی عباسی کے کشمیر کے حریت پسند برہان وانی کی تصویر لگانے پر ان کے پیج پر بھی کچھ وقت کیلئے پابندی عائد کی تھی تاہم کچھ دیر بعد اسے بحال کردیا گیا البتہ ان کی برہان والی سے متعلق پوسٹ کو فیس بک کی انتظامیہ نے ڈیلیٹ کردیا تھا۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ 'یہ کس قدر مضاحقہ خیز ہے کہ ’’آزادی اظہار رائے‘‘ کے علمبردار جارحیت کے شکار افراد کے حق میں آواز بلند کرنے والوں سے ایسا برتاؤ کرتے ہیں'۔

مزید پڑھیں: برہان وانی کی تصویر: حمزہ علی عباسی کا فیس بک پوسٹ ڈیلیٹ

واضح رہے کہ ہندوستانی فوج نے 8 جولائی کو ایک مبینہ مقابلے میں برہانی وانی کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد سے ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں 50 کشمیری شہری ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ وادی میں 15 روز سے کرفیو نافذ ہے۔

یہ پہلی بار نہیں کہ فیس بک انتظامیہ نے حمزہ علی عباسی کی کسی پوسٹ کو ہٹانے کا فیصلہ کیا، اس سے قبل پیرس میں چارلی ہیبدو حملے کے بعد بھی حمزہ علی عباسی کی پوسٹ کو ہٹایا گیا تھا۔

جس کا نوٹس فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے بھی لیا اور پھر 'حادثاتی غلطی' پر معذرت بھی کی۔

تبصرے (0) بند ہیں