ایلین کی دریافت 10 برسوں کی دوری پر

24 جولائ 2016
— فوٹو بشکریہ یورپین اسپیس آرگنائزیشن
— فوٹو بشکریہ یورپین اسپیس آرگنائزیشن

پیرس : زمین سے باہر زندگی پائی جاتی ہے یا نہیں؟ ، یہ وہ سوال ہے جس کا جواب سائنسدان طویل عرصے سے ڈھونڈ رہے ہیں اور اب ان کے خیال وہ جلد ہی کسی قسم کی مخلوق کو دریافت کرلیں گے۔

جی ہاں رواں سال مئی میں زمین جیسے 3 سیارے دریافت کرنے والی ٹیم نے یہ دعویٰ اپنی ایک تحقیق میں کیا ہے۔

یورپین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ٹیم نے 2 ایسے سیارے دریافت کیے ہیں جہاں چٹانیں موجود ہیں اور وہاں کا ماحول زمین سے ملتا جلتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ دونوں سیارے اپنے ستارے کے قریب ہیں اور وہاں کا ماحول زندگی کے لیے مناسب ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی جارہی ہے اور وہ ہبل دوربین سے ان سیاروں کے مدار پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

تحقیق کرنے والوں نے کہا کہ اب تک یہ اندازہ ہوا ہے کہ ان کا دن چوبیس گھنٹے سے کم کا ہوتا ہے اور وہاں کا ماحول زندگی کے لیے بہت زیادہ موزوں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2018 میں جیمز ویبب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے کام شروع کرنے کے بعد ان سیاروں کے بارے میں مزید جانا جاسکے گا۔

ان کے بقول " 5 سے 10 سال میں ہم یہ کہنے کے قابل ہوسکیں گے کہ وہ رہائش کے قابل ہے یا نہیں، یعنی وہاں کا درجہ حرارت زندگی کے لیے مناسب ہے یا نہیں اور وہاں پانی کو بھی دریافت کیا جائے گا"۔

اس کے بعد یہ تحقیق کی جائے گی کہ وہاں ابھی بھی کوئی مخلوق تو رہائش پذیر نہیں جس کے لیے مختلف گیسوں کے آثار کو تلاش کیا جائے گا جو کسی سیارے میں اس وقت ہوتی ہیں جب وہاں زندگی موجود ہے۔

یہ کام آئندہ 10 سے 25 برسوں میں ممکن ہوسکے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں