ہندوستان کے خلاف ویسٹ انڈیز کو فالو آن

24 جولائ 2016
محمد شامی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈین مڈل آرڈر بیٹنگ کو تباہی سے دوچار کیا۔ فوٹو اے پی
محمد شامی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈین مڈل آرڈر بیٹنگ کو تباہی سے دوچار کیا۔ فوٹو اے پی

ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں محمد شامی اور امیش یادو کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت میزبان ٹیم کو فالو آن پر مجبور کردیا ہے۔

انٹیگا میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز نے 31 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی اننگ دوبارہ شروع کی تو کریگ بریتھ ویٹ اور دویندرا بشو نے ٹیم کی نصف سنچری کی مکمل کرائی تاہم 68 کے مجموعے پر بشو آؤٹ پو کر پویلین لوٹ گئے۔

ڈیرن براوو اور بریتھ ویٹ نے اسکور کو 90 تک پہنچایا لیکن اس موقع پر ویسٹ انڈین ٹیم دو رنز کے اضافے سے تین وکٹیں گنوا بیٹھی۔ براوو کے بعد مارلن سیمیولز اور جرمین بلیک وُڈ محمد شامی کی تباہ کن باؤلنگ کا شکار ہوئے۔

92 رنز پر پانچ وکٹ گنوانے کے بعد یہ بات واضح ہو چکی تھی کہ ویسٹ انڈیز ٹیم یقیناً فالو آن کا شکار ہو جائے گی۔

دوسرے اینڈ پر موجود بریتھ ویٹ نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ روسٹن چیز کے ساتھ اسکور کو 139 تک پہنچایا لیکن ایک بار پھر ان کے ساتھی انہیں داغ مفارقت دے گئے جبکہ اسکور میں مزید پانچ رنز کے اضافے سے بریتھ ویٹ کی ہمت بھی جواب دے گئی جو 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

144 رنز پر آٹھ وکٹیں گنوانے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جلد ہی ویسٹ انڈین ٹیم کی بساط لپٹ جائے گی لیکن ٹیل اینڈرز نے ٹاپ آرڈر بیٹنگ کی نسبت بھرپور مزاحمت کی۔

کپتان جیسن ہولڈر اور شین ڈاؤرچ نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 69 رنز جوڑے، اس شراکت کا خاتمہ ہولڈر کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہوا جنہوں نے 36 رنز بنائے۔

اسکے بعد زیادہ دیر تک بلے بھاز مزاحمت نہ کر سکے اور پوری ٹیم 243 رنز بنا کر ڈھیر ہونے کے ساتھ ساتھ فالو آن کی شکار ہو گئی۔ ہدنوستان کی جانب سے محمد شامی، امیش یادو اور امیت مشرا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگ میں 321 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جس پر ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کو فالو آن کرانے کا فیصلہ کیا۔ فالو آن کے نعد ویسٹ انڈین اننگ کا آغاز کچھ مختلف نہ تھا اور اسے دو کے مجموعے پر بریتھ ویٹ کی قیمتی وکٹ سے محروم ہونا پڑا۔

جب تیسرے دن کا کھیل کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 21 رنز بنائے تھے جبکہ اسے اننگ کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 302 رنز درکار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں