اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستانی بیٹنگ 198 رنز پر ڈھیر

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2016
انگلش باؤلر جیمز اینڈرسن شان مسعود کو آؤٹ کرنے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو رائٹرز
انگلش باؤلر جیمز اینڈرسن شان مسعود کو آؤٹ کرنے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو رائٹرز

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگ میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مشکلات سے دوچار پاکستانی ٹیم تیسرے دن میدان میں اتری تو گرین شرٹس 57 رنز چار وکٹ گنوا چکے تھے جبکہ مصباح الحق اور شان مسعود وکٹ پر موجود تھے۔

انگلینڈ کو پانچویں وکٹ کیلئے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور جیمز اینڈرسن نے جو روٹ کی مدد سے 39 رنز بنانے والے شان مسعود کی اننگ کا خاتمہ کردیا۔

اسکور 71 تک ہی پہنچا تھا کہ بارش نے میچ میں مداخلت کر دی جس کے باعث میچ کو کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا۔

بارش کی مداخلت بھی پاکستانی ٹیم کی قسمت بدلنے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی اور میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسد شفیق چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز احمد نے روایتی انداز میں تیزی سے کھیلنا شروع کیا اور ایک ایسے موقع پر جب ٹیم کو ان کی وکٹ کی اشد ضرورت تھی، وہ 18 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کو آٹھواں نقصان یاسر شاہ کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جو ایک رن بنانے کے بعد کرس ووکس کی اننگ میں چوتھی وکٹ بن گئے اور اس کے ساتھ ہی کھانے کا وقفہ ہو گیا۔

119 رنز پر آٹھ وکٹیں گنوانے کے بعد مصباح الحق اور وہاب ریاض نے نویں وکٹ پر 60 رنز جوڑ کر اسکور کو 179 تک پہنچا دیا، اس موقع پر مصباح بالکل سیٹ نظر آ رہے تھے لیکن معین علی کی گیند کو غلط انداز میں کھیلتے ہوئے وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 52 رنز بنائے۔

198 کے مجموعے پر وہاب ریاض بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں معین علی کی دوسری وکٹ بن گئے اور اس کے ساتھ ہی پاکستانی بیٹنگ لائن سمٹ گئی۔

انگلینڈ نے پہلی اننگ میں 391 رنز کی برتری حاصل کی لیکن انگلش کپتان ایلسٹر کک نے حیران کن فیصؒہ کرتے ہوئے پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے جو روٹ کی ڈبل سچنری اور ایلسٹر کک کی سنچری کی بدولت پہلی اننگ 589 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔

لارڈز میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کی بدولت پاکستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Qalam Jul 25, 2016 10:51am
پاکستانی ٹیم کئی بار پہلے بھی اس طرح کی کارکردگی دکھا چکی ھے کہ ایک میچ جیت کر پھر لگاتار بہت بری طرح ہارتی ھے اب بھی شکست کے دھانے پر کھڑی ھے۔ ایک میچ جیت کر سمجھ لیتے ھیں اب وہ ھی دوبارہ جیتیں گے اور جب دوسری ٹیم اچھا کھیلتی ھے تو پھر ہاتھ پاؤں پھول جاتے ھیں۔