فواد خان ’پدماوتی‘ کا حصہ بن گئے

25 جولائ 2016
بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور پاکستانی اداکار فواد خان —فوٹو بشکریہ/ بولی وڈ لائف
بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور پاکستانی اداکار فواد خان —فوٹو بشکریہ/ بولی وڈ لائف

ممبئی: پاکستانی اداکار فواد خان اور بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون حال ہی میں ہندوستانی ڈیزائنر منیش ملہوترا کے لیے ایک ساتھ ریمپ پر جلوہ گر ہوئے تھے، جہاں دونوں کی جوڑی کو کافی سراہا گیا۔

اس شو کے بعد ہر کسی کی زبان پر بس ایک ہی بات تھی کہ دونوں کو ایک ساتھ فلم میں کام کرنا چاہیے اور لگتا ہے کہ ان کے مداحوں کی یہ خواہش اب پوری ہونے کو ہے۔

مزید پڑھیں: فواد خان اور دپیکا کے ریمپ پر جلوے

واضح رہے کہ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اپنی فلم ’پدماوتی‘ پر کام کررہے ہیں جس میں دپیکا پڈوکون، رانی بدماوتی اور رنویر سنگھ سلطان علاؤ الدین خلجی کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔

سنجے لیلا نے اس فلم میں پدماوتی کے شوہر راجہ راول رتن سنگھ کے کردار کے لیے کئی اداکاروں سے رابطہ کیا جن میں پاکستانی اداکار علی ظفر، بولی وڈ اداکار شاہد کپور اور وکی کوشل بھی شامل تھے۔

تاہم بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق اداکار فواد خان اس فلم میں دپیکا کے شوہر کا کردار کرتے نظر آئیں گے اور انھوں نے اس فلم میں معاون کردار کی حامی بھرلی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد ’پدماوتی‘ میں دپیکا کے شوہر بنیں گے؟

واضح رہے کہ فواد خان نے اس سے قبل دپیکا پڈوکون اور سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کیا ہے۔

فلم ’پدماوتی‘ کی کہانی ایک ظالم بادشاہ علاؤ الدین خلجی اور چتور کی رانی پدماوتی سے ان کے لگاؤ کے گرد گھومتی ہے۔

اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال ستمبر میں کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں