ایشون کی تباہ کن باؤلنگ، ویسٹ انڈیز کو بدترین شکست

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2016
ایشون نے 83 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو اے ایف پی
ایشون نے 83 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو اے ایف پی

ہندوستان نے روی چندرہ ایشون کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں باآسانی اننگ اور 92 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 سے کامیابی حاصل کر لی۔

انٹیگا میں کھیلے جا رہے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز نے 21 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو اسے اننگ کی شکست دے بچنے کیلئے مزید 302 رنز درکار تھے لیکن ایشون نے ویسٹ عمدہ باؤلنگ سے ویسٹ بیٹنگ لائن کے بخیے ادھیڑ دیے۔

بیٹنگ میں سنچری بنانے والے آف اسپنر کی عمدہ باؤلنگ کا ویسٹ انڈین بلے بازوں کے پاس کوئی جواب نہ تھا اور کوئی بھی کھلاڑی ان ی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھ ویٹ 51 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ مارلن سیمیولز 50 اور دویندرا بشو 45 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

ایشون نے دوسری اننگ میں 83 رنز کے عوض سات ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس کے سبب پوری ٹیم 231 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پہلی اننگ میں سنچری اور تباہ کن باؤلنگ کرنے پر ایشون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

یہ ایشیا سے باہر انڈیا کی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی فتح ہے جہاں اس سے قبل انہوں نے 06-2005 میں زمبابوے کو اننگ اور 90 رنز کے باھری مارجن سے زیر کیا تھا۔

یہ فتح اس لحاظ سے بھی یادگار ہے کہ یہ ہندوستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی مرتبہ اننگ کے مارجن سے فتح ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی اپنے ہوم گراؤنڈ پر سب سے بڑے مارجن سے شکست ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں