سری لنکا نے مرلی دھرن کے خلاف شکایت کردی

25 جولائ 2016
سابق عظیم لیگ اسپنر متیاہ مرلی دھرن آسٹریلین ٹیہم کے ساتھ بحیثیت کنسلٹنٹ کام کر رہے ہیں۔ اے ایف پی
سابق عظیم لیگ اسپنر متیاہ مرلی دھرن آسٹریلین ٹیہم کے ساتھ بحیثیت کنسلٹنٹ کام کر رہے ہیں۔ اے ایف پی

کولمبو: سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے منیجر سے بدتمیزی کرنے پر آسٹریلین ٹیم کے کنسلٹنٹ اور سابق عظیم اسپنر متیاہ مرلی دھرن کے خلاف آسٹریلین ٹیم سے شکایت کرتے ہوئے اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔

سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان سری لنکن سرزمین پر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سے قبل مرلی دھرن نے سری لنکن ٹیم کے منیجر چریتھ سنانائیکے سے بدتمیزی کی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر تھلنگا سماتھی پالا نے الزام عائد کیا کہ عظیم آف اسپنر نے کولمبو میں پریکٹس پچ کے استعمال پر سری لنکن ٹیم کے منیجر سے بدتمیزی کی۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرلی دھرن کا رویہ ناقابل قبول ہے اور ہم یہ بات آسٹریلین ٹیم مینجمنٹ کے علم میں لے آئے ہیں۔

سماتھی پالا نے بتایا کہ ہفتے کو پالے کیلی میں مرلی دھرن نے گراؤنڈ اسٹاف کو ڈرا دھمکا کر پریکٹس کی اجازت طلب کی حالانکہ دونوں ٹیموں کو یہاں پریکٹس کی اجازت نہیں تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد وہ ہماری ٹیم کے مینجر سے الجھ گئے اور ان سے بدتمیزی کی۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے ہیرو تصور کیے جانے والے مرلی دھرن کو ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 800وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے اور ریٹائرمنٹ کو چھ سال گزرنے کے باوجود ان کا یہ ریکارڈ آج تک قائم و دائم ہے۔

مرلی دھرن کی جانب سے آسٹریلین ٹیم کا کنسلٹنٹ بننے پر متعدد حلقوں نے حیرت کا اظہار کیا تھا کیونکہ 44 سالہ فاسٹ باؤلر کو 90 دہائی میں آسٹریلین وزیر اعظم جان ہارورڈ نے 'چکر' قرار دیا تھا۔

مرلی دھرن نے آسٹریلین ٹیم کی مدد کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ایک پیشہ ورانہ کام کر رہا ہوں، میں کوئی غدار نہیں۔ سری لنکا نے میری سروسز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی لہٰذا میں آسٹریلین ٹیم کی مدد کر رہا ہوں جو میری خدمات کے معترف ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں