لندن : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 2 ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئیں اور ہفتے کے آغاز پر ہونے والے کاروبار میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت 24 سینٹ کمی کے بعد 45.45 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ امریکی خام تیل 25 سینٹ کمی کے بعد 43.94 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوا۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں طلب سے زیادہ تیل کی موجودگی اور عالمی معاشی شرح نمو میں سستی کا منفی اثر تیل کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔

امریکی مالیاتی ادارے مورگن اسٹینلے کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں کاروبار میں تیزی یا کمی کا دارومدار امریکی محکمہ توانائی کی جانب سے جارہ کردہ اعداد و شمار پر ہوتا ہے اور امکان ہے کہ قیمتیں مزید کم ہوں گی۔

برطانوی بینک بارکلیز کا کہنا ہے کہ 2016 کی تیسری سہ ماہی میں عالمی سطح پر تیل کی طلب میں اضافے کی شرح گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک تہائی تک کم رہی۔

بینک کا مزید کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے تیل کی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ہندوستان اور چین کی شرح نمو میں کمی بھی قیمتوں میں زوال کی وجہ بنی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے اور ایک موقع پر قیمتیں 35 ڈالر فی بیرل سے بھی کم ہوگئی تھیں۔

تیل پیدا اور برآمد کرنے والے ممالک (اوپیک) پر دباؤ ہے کہ وہ قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے پیداوار میں کمی کریں تاہم سعودی عرب کا موقف ہے کہ جب تک تیل برآمد کرنے والے اوپیک کے غیر رکن ممالک پیداوار کم نہیں کرتے وہ بھی ایسا نہیں کریں گے۔


تبصرے (0) بند ہیں