اولڈ ٹریفورڈ: کیا 62 سال بعد تاریخ خود کو دہرائے گی؟

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2016
بارش نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کو کم و بیش 150 اوورز کھیلنا ہوں گے۔ فوٹو اے پی
بارش نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کو کم و بیش 150 اوورز کھیلنا ہوں گے۔ فوٹو اے پی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہیں جہاں میچ میں پاکستانی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں اور قومی ٹیم کی فارم کو دیکھتے ہوئے میچ اسی صورت میں ڈرا ہو سکتا ہے اگر بارش میچ میں مداخلت کر دے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہوئی ہو اور بارش نے میچ میں مداخلت کر کے پاکستان کو یقینی شکست سے بچا لیا تھا۔

1954 میں پاکستان پہلی مرتبہ دورہ انگلینڈ پر گیا تو سیریز کا تیسرا میچ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا گیا تھا۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دوسرا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد تیسرے دن 359 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر ااپنی اننگ ڈکلیئر کردی تھی۔

جواب میں ناتجربہ کار پاکستانی بیٹنگ لائن محض 90 رنز پر پویلین لوٹ گئی جبکہ تیسرا دن کا کھیل ختم ہونے سے قبل فالو آن کا شکار پاکستانی ٹیم کے 25 رنز پر مزید چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو میچ میں پاکستان کی شکست واضح نظر آ رہی تھی۔

چھ روزہ ٹیسٹ میچ کا اگلا دن آرام کا تھا لیکن بقیہ دونوں دن بارش کے سبب کھیل بالکل ممکن نہ ہو سکا اور یوں باران رحمت کی بدولت پاکستان میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہا۔

پاکستان کو 62 سال بعد اولڈ ٹریفورڈ میں ایک بار پھر اسی طرح کی صورتحال کا سامنا ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ایک بار پھر پاکستانی ٹیم کو شکست فاش سے بچا سکے گی یا نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں